سعودی عرب میں درجنوں افراد نے اتوار کو دارالحکومت ریاض میں وزارت داخلہ کی عمارت کے سامنے زیر حراست مظاہرین کی رہائی کے حق میں احتجاج کیا۔
فسادات سے نمٹنے کے لیے خصوصی طور پر تربیت یافتہ پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری وزارت کی حفاظت کے لیے موجود تھی اور عینی شاہدین کے مطابق متعدد افراد کو عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔
سعودی عرب میں احتجاجی مظاہروں پر پابندی ہے، اور سعودی فرمان روا شاہ عبدالله نے عرب دنیا میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کو اپنے ملک تک پھیلنے سے روکنے کے لیے حال ہی میں متعدد رعایتوں کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے سیاسی و اقتصادی اصلاحات کا وعدہ کیا ہے۔
چھیاسی سالہ سعودی فرمان رواں علاج کی غرض سے تین ماہ بیرون ملک رہنے کے بعد فروری میں اپنے ملک واپس پہنچے تھے۔