رسائی کے لنکس

سعودی وزیرِ خارجہ کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں


ملاقات کے بعد، دفتر خارجہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے سعودی عرب سے دفاع، سکیورٹی اور تجارت سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے

پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان عدم مداخلت کے بین الاقوامی اصولوں پر یقین رکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک روزہ دورہ پر اسلام آباد آئے ہوئے سعودی وزیر خارجہ عادل احمد الجبیر سے ملاقات کے دوران کیا۔

سعودی وزیرخارجہ عادل احمد الجبیر نے جمعرات کو اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف اور فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی تھیں۔

ملاقات کے بعد دفتر خارجہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے سعودی عرب سے دفاع، سکیورٹی اور تجارت سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ملاقات میں موجودہ صورتحال کی کشیدگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا، جبکہ سعودی وزیر خارجہ نے ایران سے متعلق معاملات پر بھی وزیراعظم سے تبادلہٴ خیال کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم کو دہشت گردی کے خلاف قائم کیے جانے والے سعودی اتحاد سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

اعلامیے کے حوالے سے مقامی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے یقین دلایا ہے کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری کو خطرے کی صورت میں پاکستانی عوام شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG