رسائی کے لنکس

سعودی جیل میں ناقص سہولتوں کی شکایت


سعودی عرب میں رہنے والے ایتھوپیا کے باشندوں کا کہناہے کہ ان کے تقریباً 15 سو ہم وطن سعودی عرب کے شہر جازان کی جیل میں انتہائی خراب حالات میں رہ رہے ہیں۔

وائس آف امریکہ کی قرن افریقہ سروس سے اس ہفتے ایتھوپیا کے قیدیوں نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے جیل کی سختیوں کے بارے میں بتایا۔

ان کا کہناتھا کہ ان کے لیے خوراک، پانی اور طبی سہولتوں کی شدید کمی ہے جس کے باعث ایتھوپیا کے آٹھ قیدی ملیریا اور دوسری وجوہات کی بنا پر ہلاک ہوگئے ہیں۔

جازان ، یمن کی سرحد کے قریب سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ہے ۔ اس جیل میں قید ایتھوپیا کے زیادہ تر باشندے ویزے اور دوسری سرکاری دستاویزات کے بغیر سرحد عبور کرنے والے تارکین وطن ہیں۔

ایک نوجوان قیدی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اسے سرحدی محافظوں نے مارپیٹ کرنے کے بعد منشیات رکھنے کے جھوٹے الزام میں جیل میں ڈال دیاتھا۔

قیدیوں نے یہ شکایت بھی کی کہ جیل میں گنجائش سے کہیں زیادہ قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔

انہوں نے ایتھوپیا کی حکومت اور بین الاقوامی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ ان کی رہائی کے لیے کوشش کریں۔

فوری طورپر ایتھوپیا یا سعودی حکومت کی جانب سے اس شکایت پر کوئی ردعمل ظاہر سامنے نہیں آیا۔

XS
SM
MD
LG