رسائی کے لنکس

ثانیہ اور مارٹینا نے ومبلڈن ویمن ڈبل کا ٹائٹل جیت لیا


ثانیہ مرزا کی پہلی بار ومبلڈن ویمنز میں فائنل تک رسائی ہوئی تھی اور اب وہ ومبلڈن جیتنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی بن گئی ہیں

بھارت کی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور ان کی ساتھی سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگز نے ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین ڈبل کا فائنل جیت لیا۔

انھوں نے روس کی جوڑی ایکاترینا ماکاروا اور الینا ویسنینا کو پانچ، سات، سات، چھ اور سات، پانچ سے شکست دی۔

اڑھائی گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے فائنل مقابلے میں حریف جوڑیوں کے درمیان زبردست کھیل دیکھنے میں آیا۔

28 سالہ ثانیہ مرزا کی پہلی بار ومبلڈن ویمنز میں فائنل تک رسائی ہوئی تھی اور اب وہ ومبلڈن جیتنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی بن گئی ہیں، جب کہ مارٹینا ہنگز تیسری مرتبہ اس فائنل مقابلے تک پہنچی تھیں۔

34 سالہ مارٹینا اس سے قبل 1996 اور 1998 میں ویمنز ڈبل میں کامیابی حاصل کر چکی ہیں۔

میچ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ثانیہ کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ احساس انتہائی خوش کن ہے۔

ثانیہ مرزا پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ہیں۔ شعیب ملک نے اپنی شریک حیات کی اس بڑے مقابلے میں کامیابی پر ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انھیں ثانیہ پر بہت فخر ہے۔ "کھلاڑی عزم، نظم و ضبط اور بڑے خوابوں سے ہی بنتے ہیں۔"

مارٹینا ہنگز کا کہنا تھا کہ 17 سال بعد ایک بار پھر جیتنا اور ومبلڈن کے کورٹ میں کھیلا ان کی توقعات سے برتر ہے۔

XS
SM
MD
LG