میوزک بینڈ ’جنون‘ کے سابق لیڈ گٹارسٹ اور سنگر، سلمان احمد کافی عرصے سے پاکستانی میوزک کے منظرنامے سے غائب سہی، لیکن وہ سماجی بھلائی کے کاموں میں پیش پیش ہیں اور ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کوششوں کے سب سے بڑے حامی بھی۔
سلمان احمد نے ’ڈبلیو این وائی سی ریڈیو‘ پر ’دی برائن لہرر شو‘ میں بات کرتے ہوئے پاکستان میں پولیو کے پھیلاوٴ سے متعلق کہا کہ ’پولیو کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ شدت پسندوں کی جانب سے پولیو قطروں پر پابندی عائد کرنا ہے۔ بچوں کی بڑی تعداد پولیو ویکسین سے محروم رہ جاتی ہے اور اسی لئے پولیو کا مرض قابو میں نہیں آ رہا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پولیو ورکرز کو شدت پسند گولی مار دیتے ہیں۔ لیکن ناموافق حالات کے باوجود پولیو ورکرز بہادری سے اپنے مشن کو پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ پولیو ورکرز کی بہادری اور جرات نے ہی مجھے بھی پولیو کے خلاف آواز اٹھانے پر مجبور کیا۔‘
’ہپ ان پاکستان‘ کے مطابق سلمان احمد جو کوئنز کالج نیویارک میں پروفیسر بھی ہیں، انہوں نے 90 کے عشرے میں سماجی کاموں میں حصہ لینا شروع کیا تھا۔ وہ پاکستان کے مختلف مسائل سے متعلق بنائی جانے والی ڈاکیومنٹریز میں بھی کام کرچکے ہیں۔
سلمان ایچ آئی وی ایڈز کے لئے اقوام متحدہ کے خیرسگالی کے سفیر بھی رہ چکے ہیں۔