رسائی کے لنکس

’صدقے تمہارے‘ میں کئی کامیاب چہرے پھر ایک ساتھ


’صدقے تمہارے‘ سچے واقعات پر مبنی 1950ء کی دہائی کے تناظر میں فلمائی گئی سیریل ہے جس کی کہانی محبت، دھوکے اور انتقام کے جذبوں کے ساتھ نارووال کے پس منظر سے شروع ہوتی ہے

کراچی .... ’صدقے تمہارے‘ نجی چینل ’ہم‘ ٹی وی کی پیشکش ہے اور خوش قسمتی سے یہ ایسے وقت میں ریلیز ہو رہی ہے جب اس سے جڑے کئی چہرے اور نام حالیہ مہینوں میں بہت نام کما چکے ہیں، جیسے سمیعہ ممتاز جنہوں نے جیو فلمز ’دختر‘ سے خوب شہرت حاصل کی۔ اس فلم کو ریلیز سے پہلے ہی کئی عالمی سطح کے کئی ایوارڈ مل چکے تھے۔

’صدقے تمہارے‘ کے مصنف خیل الرحمٰن قمر ہیں۔ ’اے آر وائی ڈیجیٹل‘سے دکھائے جانے والے انتہائی کامیاب ڈرامے ’پیارے افضل‘ کو بھی انہوں نے ہی تحریر کیا تھا جبکہ ’صدقے تمہارے‘ کی لیڈنگ ایکٹریس مائرہ خان کو کوئی بھول نہیں سکتا۔ انہوں نے ’ہم سفر‘ سے شہرت اپنے نام کی ہوئی ہے۔

ہم ٹی وی نیٹ ورک کی جانب سے وائس آف امریکہ کو جاری کی گئی معلومات کے مطابق، ’صدقے تمہارے‘ سچے واقعات پر مبنی 1950ء کی دہائی کے تناظر میں فلمائی گئی سیریل ہے جس کی کہانی محبت، دھوکے اور انتقام کے انسانی جذبوں کے ساتھ 1950ء میں نارووال کے پس منظر سے شروع ہوتی ہے جہاں ایک غریب مکینک محمد صادق کی شادی عنایت بیگم سے ہوتی ہے۔

شادی کے کچھ ہی عرصے بعد بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیش نظر محمد صادق لاہور جا کر قسمت آزمانے کا فیصلہ کرتا ہے۔ لاہور میں قسمت محمد صادق پر مہربان ہونے لگتی ہے اور ان کے معاشی حالات سدھرنے لگتے ہیں۔ جلد ہی محمد صادق اپنا کاروبار شروع کر دیتا ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے لکھ پتی بن جاتا ہے۔ اسی دوران، عنایت بیگم۔۔ ممتاز ‘ظفر‘ اظہر اور جمیل کو جنم دیتی ہے۔

سسرال میں بھی صادق کی امارت کے چرچے ہونے لگتے ہیں، یہاں تک کہ انہی کے کہنے پر اُن کی چھوٹی بہن رشیدہ کا رشتہ محمد صادق کے بھتیجے عبدالرحمٰن سے طے کر دیا گیا۔

اس رشتے کا ہونا تھا کہ کہانی ایک نیا موڑ لے لیتی ہے اور پھر وہ کچھ ہوتا ہے جس کی کبھی کسی نے توقع بھی نہیں کی ہوتی۔

’صدقے تمہارے‘ کی ہدایات دی ہیں احتشام الدین نے، جبکہ پیشکش مو ُمنہ د ُرید، ثمینہ ہمایوں اور طارق احمد شاہ کی ہے۔

اداکاروں میں شامل ہیں ماہرہ خان، عدنان ملک، سمیعہ ممتاز، ثانیہ شمشاد، قوی خان، عامر قریشی، فرحان علی آغا، عرفان کھوسٹ، ریحان شیخ اور شمیل خان۔

’صدقے تمہارے‘ سے مائرہ کی کافی عرصے بعد ڈراموں کی دنیا میں واپسی ہو رہی ہے۔ اس ڈرامے میں وہ گاوٴں کی معصوم اور بھولی بھالی گوری بنی ہیں۔ ڈرامہ گاوٴں کا ہی پس منظر لئے ہوئے ہے اور مائرہ روایتی غرارہ، پٹیالہ شلوار اور کڑھائی دار دوپٹے قمیص میں خوب جچی ہیں۔

ڈرامے کی پہلی قسط آن ائیر ہوچکی ہے، جس میں کچھ ناظرین کو بوریت محسوس ہوئی۔ جیسے ’ہم‘ کے ڈراموں کو مس نا کرنے والی کراچی کی ایک نوجوان طالبہ نوشابہ کہتی ہیں ’پہلی قسط دیکھ کر لگا وہی روایتی لو اسٹوری ہے جس میں بلاوجہ کی شعر و شاعری صرف مخصوص انداز رکھنے والوں ہی کو پسند آئے گی۔۔پھر بھی آگے کی قسطوں میں شاید کہانی ٹوئسٹ کرجائے۔ دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔‘

XS
SM
MD
LG