رسائی کے لنکس

’پدماوت‘ کے ڈیزائنرز کے ملبوسات میں صبا قمر کی ریمپ پر واک


جب سے بالی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ نے ریلیز ہو کر باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ سرحد پار، یعنی بھارت میں بھی صبا قمر کے چرچے ہیں۔ اور، اسی لئے جب پدماوت جیسی سپرہٹ فلم کے ڈریس ڈیزائنرز نے پاکستان کا رخ کیا تو صبا قمر ریمپ کے لئے ان کی پہلی پسند ٹہریں۔

کراچی میں تین روز کے لئے روشنیوں، رنگوں اور خوشبوؤں سے سجے فیشن شو ’شان پاکستان‘ میں شریک ہونے بھارت کے مشہور ڈیزائنرز رمپل اینڈ ہرپیت نرولا آئے تو صبا قمر نے ان کے ملبوسات میں ’شو اسٹار‘ بن کر میلہ ہی لوٹ لیا۔

سنجے لیلی بھنسالی کی میگا ہٹ فلم ’پدماوت‘ میں شاندار ملبوسات تخلیق کرنے والے رمپل اینڈ ہرپیت نرولا کے شاہانہ لباس میں معروف پاکستانی ڈیزائنر عاصم جوفا کی جیولری پہنے صبا قمر ریمپ پر آئیں تو شو کو چار چاند لگا دئیے۔

انسٹاگرام پر اپنے جذبات شیئرکرتے ہوئے صبا قمر نے کہا ہے کہ '’شان پاکستان میں پدماوت کے ذیزائنرز کے ملبوسات میں شو اسٹار بننا شاندار تجربہ تھا۔پاکستان میں اتنا اچھا شو کرنے کے لئے مبارکباد''۔

پہلی بار پاکستان کا دورہ کرنے والے ہرپیت اور رمپل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ''ہماری جڑیں پاکستان میں ہیں۔ ہمارے بزرگ متحدہ پنجاب میں رہتے تھے اور بنیادی طور پر ہم گوجرانوالہ کے ہیں۔ پاکستان آکر جو محبت، پیار، اپنائیت اورگرم جوشی ملی وہ غیر معمولی ہے۔‘'

پاکستان کی جیولری ڈیزائنر انیسہ یونس نے بھی اپنے مشرقی انداز میں ’شان پاکستان‘ میں اپنی جیولری کی نمائش کی۔ وی او اے سے خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ’شان پاکستان‘ کی آرگنائزر ہما نثار نے بھارتی ڈیزائنر کو پاکستان بلا کر دونوں ممالک کے تعلقات بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ میرے خیال میں ایسی کوششیں آئندہ بھی جاری رکھی جانی چاہئیں۔‘

XS
SM
MD
LG