رسائی کے لنکس

روسی بحری ٹرالر ڈوبنے سے کم از کم 54 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تاحال ٹرالر کے غرقاب ہونے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں لیکن امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سمندر میں تیرتے ہوئے برف کے بڑے ٹکڑوں سے جہاز کو نقصان پہنچا۔

روس کا ایک بحری ٹرالر بحرالکاہل کے مغرب میں ڈوب گیا ہے جس سے کم از کم 54 افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ جمعرات کی صبح بحیرہ اخوتسک میں جریرہ نما کمچاتکا کے قریب پیش آیا جہاں حکام کے مطابق عملے کے 132 افراد سمیت یہ ٹرالر ڈوبا۔

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ دالنی ووستوک نامی مچھلی پکڑنے والے ٹرالر پر سوار 63 افراد کو بچا لیا گیا ہے جب کہ 15 اب بھی لاپتا ہیں۔

علاقے میں 25 سے زائد ماہی گیر کشتیاں تلاش اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

تاحال ٹرالر کے غرقاب ہونے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سمندر میں تیرتے ہوئے برف کے بڑے ٹکڑوں سے جہاز کو نقصان پہنچا۔

روس کی خبررساں ایجنسی "انٹرفیکس" کے مطابق واقعے سے پہلے ٹرالر نے "مشکل میں پھنس جانے" کے اسگنل دیے تھے۔

روس کی ہنگامی حالت کی وزارت کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے ایم آئی-18 ہیلی کاپٹر کے ذریعے کارکنوں اور طبی عملے کو بھی بھیجا جا چکا ہے۔

بحری جہاز پر سوار 132 افراد میں سے 78 کا تعلق روس، 42 کا میانمار اور باقیوں کا تعلق لیٹویا، یوکرین اور وانواتو شے بتایا جاتا ہے۔ حکام نے ان افراد کے اہل خانہ کے لیے ایک ہاٹ لائن کا انتظام بھی کر دیا ہے تاکہ انھیں اپنے پیاروں سے متعلق معلومات حاصل کرنے میں مدد دی جا سکے۔

XS
SM
MD
LG