رسائی کے لنکس

روس میں ٹوئٹر کی رفتار کم کر دی گئی، مزید پابندیاں عائد ہو سکتی ہیں


ریگیولیٹر نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ٹوئٹر کی رفتار کم کرنے کا عمل تمام موبائل فون اور 50 فیصد دوسرے آلات پر لاگو ہو گا۔‘‘
ریگیولیٹر نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ٹوئٹر کی رفتار کم کرنے کا عمل تمام موبائل فون اور 50 فیصد دوسرے آلات پر لاگو ہو گا۔‘‘

روس کی مواصلات سے متعلق ریگیولیٹری اتھارٹی نے بدھ کے روز ملک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کی رفتار کم کی جار رہی ہے۔

ادارے نے ٹوئٹر پر الزام عائد کیا کہ وہ اب تک اپنے پلیٹ فارم سے ایسا مواد ہٹانے میں مسلسل ناکام رہا ہےجس پر روس میں پابندی عائد کی گئی تھی۔

سرکاری ادارے روسکو مناتزور نے ٹوئٹر پر روس میں پابندی لگانے کی دھمکی دیتے ہوئے بتایا کہ بدھ کے روز تک وہ تمام 3000 سے زائد پوسٹس ویب سائٹ پر موجود تھیں جنہیں روس میں غیر قانونی قرار دیا جا چکا ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق روس میں ٹوئٹر حزب مخالف کے راہنما الیکسی نوالنی کے ساتھیوں میں مقبول ہے جن کو گزشتہ ماہ قید کی سزا سنائی گئی جس کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔

ریگیولیٹر نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ٹوئٹر کی رفتار کم کرنے کا عمل تمام موبائل فون اور 50 فیصد دوسرے آلات پر لاگو ہو گا۔‘‘

ادارے کے بقول اگر ٹوئٹر قانونی ضروریات پوری کرنے میں ناکام رہا تو قانون کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں گے جن میں روس میں اس کی سروس پر پابندی عائد کرنا بھی شامل ہے۔

رائٹرز کے مطابق ٹوئٹر نے اس رپورٹ پر تبصرے کے لیے ایجنسی کی جانب سے کی گئی ای میل کا ابھی تک جواب نہیں دیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق روس کی جانب سے امریکی سوشل میڈیا ویب سائٹس پر اثر و رسوخ بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور بدھ کے روز کے اقدامات اس سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔

پچھلے برس دسمبر میں روس کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں نے سوشل میڈیا کمپنیز پر پابندی شدہ مواد ہٹانے پر ناکامی کی صورت میں جرمانے عائد کرنے اور روسی میڈیا کے ساتھ تفریق کرنے پر ایسی ویب سائٹس پر پابندیاں عائد کرنے کی منظوری دی تھی۔

XS
SM
MD
LG