روس کے حفظان صحت سے متعلق ادارے نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے ’میکڈونالڈ فاسٹ فوڈ‘ ریستورانوں میں حفظانِ صحت کی سہولیات کی فراہمی کا معائنہ کیا جا رہا ہے، جس سے ایک ہی روز قبل ماسکو میں میکڈونالڈ کےتین معروف ریستورانوں کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
صحت پر مامور روسی حکام نے جمعرات کو کہا کہ اِس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے آیا میکڈونالڈ کے ریستوران صفائی ستھرائی کی معیار پر پورے اتر رہے ہیں۔ میکڈونالڈ روس کے 438 مقامات پر ریستوران چلاتا ہے۔
ناقدین کے خیال میں روس کی حکومت کا یہ اقدام مغربی ملکوں کی طرف سے لگائی جانے والی معاشی تعزیرات کا جواب ہے، جو یوکرین کے داخلی تنازع میں روس کے ملوث ہونے کے نتیجے میں نافذ کی گئی تھیں۔
امریکہ اور یورپی یونین نے روسی بینکوں اور صنعتوں کے خلاف پابندیاں لگائی ہیں، جب کہ روس نے اس کا جواب خواک کی امریکی اور یورپی مصنوعات کی درآمد پر پابندیاں لگا کر دیا ہے۔
بدھ کے روز میکڈونالڈ کے جِن ریستورانوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے اُن مین ماسکو کے پُشکِن اسکوائر کا معروف ریستوران بھی شامل ہے، جسے امریکہ کے اس مشہور فوڈ گروپ نے 1990ء میں سویت یونین کے آخری دِنوں میں کھولا تھا۔
اِسے روس کی طرف سے مغربی سرمایہ درانہ نظام کو مرحلہ وار طور پرقبول کیے جانے کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
میکڈونالڈ نے کہا ہے کہ وہ صورت حال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے، آیا اسٹوروں کو دوبارہ کھولنے کے لیے کیا کچھ کیا جاسکتا ہے۔ روس میں میکڈونالڈ کے کُل 438 اسٹور ہیں۔