روس کے بمبار طیاروں نے منگل کو جاپان کے گرد فضا میں پروازیں کیں۔
یہ بات ایک دفاعی عہدیدار نے وائس آف امریکہ کو بتائی ہے۔
امریکی پیسیفک کمانڈ، جو ایشیا اور بحرالکاہل کے علاقے میں امریکہ کے فوجی آپریشن کی نگرانی کرتی ہے، کے ایک عہدیدار نے کہا کہ پسیفک کمانڈ نے اس عمل کے دوران کوئی کارروائی نہیں کی کیونکہ روسی بمبار طیاروں کی پرواز سمت یا راستے کسی تشیویش کا باعث نہیں بنے۔
ایک اور امریکی عہدیدار نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جاپان کے گرد دوران پرواز روسی طیارے بین الاقوامی فضائی حدود میں موجود رہے۔
قبل ازیں نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز‘ نے یہ رپورٹ دی تھی کہ اس اقدام کی وجہ سے جاپان کی فوج نے اپنے لڑاکا طیاروں کو چوکس کر دیا تھا جب کہ نارتھ امریکن ایرو سپیس ڈیفنس کمانڈ یعنی نوراڈ نے اپنی دفاعی حکمت عملی کو بڑھا دیا۔
نوراڈ کی ترجمان ایشلے پیک نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ نوراڈ کے دائرہ کار میں آنے والے علاقے کسی خطرے "مثال کے طور پر (فوجی) مشقوں یا حقیقی عالمی واقعات" کی صورت میں دفاعی حکمت عملی کو تبدیل کرنا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔"