رسائی کے لنکس

حاکم دبئی اور ولی عہد شہزادے کی ٹرین کے سفر کی سیلفی کی دھوم


حاکم دبئی محمد بن راشد المکتوم اور ان کے صاحبزادے ولی عہد شہزادے نےحال ہی میں دارلحکومت لندن کی ایک زیر زمین ٹیوب (ٹرین) میں عام لوگوں کے ساتھ سفر کیا

دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے لندن میں عام مسافروں سے بھری ہوئی ایک ٹرین میں سفر کیا ہے۔

حاکم دبئی محمد بن راشد المکتوم اور ان کے صاحبزادے ولی عہد شہزادے نےحال ہی میں دارلحکومت لندن کی ایک زیر زمین ٹیوب میں عام لوگوں کے ساتھ سفر کیا ہے۔

اس سفر کی سیلفی خود ولی عہد شہزادے ہمدان بن محمد المکتوم نے آن لائن پوسٹ کی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر 'فاذا' کے نام سے مقبول شہزادے ہمدان محمد بن المکتوم نے پیر کو انسٹا گرام کے 3.8ملین پیروکاروں اور ٹوئٹر کے 1.85ملین چاہنے والوں کے لیے اس یادگار سفر کی سیلفی پوسٹ کی ہے۔

شہزادے اور حاکم دبی شیخ راشد بن المکتوم کی سیلفی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دھوم مچا دی ہے۔ ٹوئٹر پر اس تصویر کو اب تک سینکڑوں مرتبہ ری ٹویٹ کیا گیا ہے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ نے اپنی خبروں میں دبئی کے حکمران اور شہزادے کی سیلفی کو نمایاں جگہ دی ہے۔

حاکم دبئی اور ولی عہد شہزادے عربوں کے روایتی لباس ثوب پہنتے ہیں۔ لیکن اس تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انھوں نےگرمی کی مناسبت سے سادہ اور پرسکون لباس زیب تن کیا ہے۔

شہزادے ہمدان محمد بن المکتوم نے سادہ ٹی شرٹ اور جینز پہن رکھی ہے جبکہ حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم لمبی آستینوں والی سفید رنگ کی شرٹ میں ملبوس ہیں۔

ممکن ہے کہ بہت سے لوگوں نے انھیں اس سفر کے دوران پہچانا بھی نہیں ہو اور انھیں اس طرح دیکھ کر کوئی اس بات کا انداز بھی نہیں لگا سکتا تھا کہ ٹرین کے عام مسافروں میں متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے شہر دبئی کے حکمران بھی شامل ہیں،جن کے اثاثوں کی مالیت اندازا 10 عرب پاونڈ سے زیادہ ہے۔

شہزادہ ہمدان محمد بن المکتوم کے لیے لندن نیا شہر نہیں ہے۔وہ اسی شہر میں 'لندن اسکول آف اکنامکس یونیورسٹی' میں زیر تعلیم رہے ہیں جبکہ حاکم دبئی اور ان کا خاندان بھی باقاعدگی سے برطانیہ آتے جاتے رہتے ہیں۔

شہزادے ہمدان کے والد شیخ راشد بن المکتوم کو اکثر لندن میں ہونے والے گھڑ دوڑ مقابلوں میں دیکھا جاتا ہے۔

سماجی رابطے پر دبئی کے حکمران کی سیلفی دیکھنے کے بعد فٹ بال کے پرستاروں کی طرف سے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان سے آن لائن استدعا کی گئی ہے کہ وہ لیڈز یونائیٹیڈ اور گرمسبی ٹاؤن جیسے فٹ بال کلب کو خرید لیں۔

لندن کے اخبار ’ایوننگ اسٹینڈرڈ‘ کے مطابق، شیخ محمد بن راشد المکتوم کی برطانیہ میں ایک بڑی جائیداد پورٹ فولیو، سمیت سرے میں ایک اسٹیٹ کے مالک ہیں جس کی مالیت75 ملین پاونڈ ہے۔

XS
SM
MD
LG