رسائی کے لنکس

ٹرمپ اور ہلری کی سبقت برقرار، روبیو دوڑ سے الگ ہو گئے


ڈیموکریٹس کی طرف سے نامزدگی کی امیدوار ہلری کلنٹن نے سینیٹر برنی سینڈرز کو فلوریڈا، شمالی کیرولائنا اور اوہائیو میں بڑے فرق سے شکست دی۔

امریکی کی ریاست فلوریڈا سے سینیٹر مارکو روبیو صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے ریپبلکنز امیدواروں کی دوڑ سے دستبردار ہو گئے جب کہ اوہائیو سے گورنر جان کاسیچ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی ریاست میں شکست دے دی۔

منگل کو پانچ امریکی ریاستوں فلوریڈا، اوہائیو، میسوری، شمالی کیرولائنا اور ایلینوئے میں پرائمری انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔

ریبپلکن ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں ایک بڑے فرق سے روبیو کو شکست دی جب کہ ٹیکساس سے سینیٹر ٹیڈ کروز اور کاسیچ اس دوڑ میں اُن سے خاصے پیچھے نظر آئے۔

ٹرمپ نے ایلینوئے اور شمالی کیرولائنا میں بھی فتح حاصل کی۔

اپنی ہی ریاست میں شکست کے بعد سینیٹر روبیو کا کہنا تھا کہ وہ ان سب کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی حمایت کی اور ان کے بقول "یہ خدا کی مرضی نہیں تھی کہ وہ 2016ء میں صدر بنیں یا شاید کبھی بھی نہیں۔"

فلوریڈا میں فتح کے ساتھ ہی ٹرمپ کو یہاں سے تمام 99 ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل ہو جائے گی۔

اوہائیو کے فاتح کاسیچ کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ہونے والے پرائمری انتخابات میں اپنے حریف کو "سخت مقابلے" سے دوچار کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ یاد رہے کہ اب بھی 1000 ڈیلیگیٹس کی حمایت کا حصول باقی ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت تک دم نہیں لیں گے جب تک وہ اپنے "ملک کے لیے جیت نہیں جاتے۔"

ڈیموکریٹس کی طرف سے نامزدگی کی امیدوار ہلری کلنٹن نے سینیٹر برنی سینڈرز کو فلوریڈا، شمالی کیرولائنا اور اوہائیو میں بڑے فرق سے شکست دی۔

ہلری نے اسے اپنے لیے ایک اور "سپر ٹیوزڈے" قرار دیا۔

صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی دوڑ میں ٹرمپ اور ہلری اپنی سبقت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG