رسائی کے لنکس

امریکی وزیرِ خارجہ اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات میں غزہ پر گفتگو


 امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کے دوران، فوٹو اےایف پی،/پول، 17 فروری 2025
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کے دوران، فوٹو اےایف پی،/پول، 17 فروری 2025

  • امریکی وزیر خارجہ روبیو اور سعودی ولی عہد شہزادے سلمان کی ریاض میں ملاقات ، غزہ کے منصوبو ں پر بات چیت۔
  • وزیر خارجہ نے غزہ کے لیے ایسے بندو بست کی اہمیت کوا جاگر کیا جو علاقائی سلامتی میں مددگار ہو: ترجمان محکمہ خارجہ۔
  • دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ اسرائیل اور حماس کے درمیان طے کی گئی جنگ بندی سے اپنی وابستگی کا بھی اعادہ کیا اور شام ، لبنان اور بحیرہ احمر کے بارے میں گفتگو کی ۔
  • سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے کہا کہ دونوں نے علاقائی اور عالمی تبدیلیوں اور سلامتی اور استحکام کے حصول کی کوششوں پر تبادلہ خیالات کیا۔
  • دونوں جانب کے بیان میں یوکرین کے بارے میں گفتگو کا ذکر نہیں کیا گیا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو ریاض میں ایک ملاقات کے دوران غزہ کے لیے منصوبوں پر گفتگو کی۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے روبیو ا ور ولی عہد شہزادے کے درمیان ملاقات سے متعلق ایک تحریری بیان میں کہا کہ وزیر خارجہ نے غزہ کے لیے ایک ایسے بندو بست کی اہمیت کو اجاگر کیا جو علاقائی سلامتی میں مددگار ہو۔

بروس نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ اسرائیل اور حماس کے درمیان طے کی گئی جنگ بندی سے اپنی وابستگی کا بھی اعادہ کیا اور شام ، لبنان اور بحیرہ احمر کے بارے میں گفتگو کی ۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے کہا کہ دونوں نے علاقائی اور عالمی تبدیلیوں اور سلامتی اور استحکام کے حصول کی کوششوں پر تبادلہ خیالات کیا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ایک ملاقات کے دوران، فوٹو اے ایف پی ،17 فروری 2025
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ایک ملاقات کے دوران، فوٹو اے ایف پی ،17 فروری 2025

روبیو مشرق وسطیٰ کا دورہ اس کے بعد کررہے ہیں جب صدر ٹرمپ کی اس تجویز نے عرب دنیا کو برہم کر دیا کہ جنگ سے تباہ حال غزہ کی پٹی کے فلسطینی رہائشیوں کو دوسرے عرب ملکوں میں از سر نو آباد کر دیا جائے اور امریکہ اس کی تعمیر نو کی قیادت کرے ۔

عرب لیگ سمیت متعدد عرب ممالک نے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کا منصوبہ مسترد کر دیا ہے۔

عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے کسی بھی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی آبادکاری ناقابل قبول ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنگ سے تباہ حال غزہ میں سے تقریباً 20 لاکھ فلسطینیوں کو نکالنے کی تجویز خطے کو بحرانوں کے ایک دائرے میں دھکیل دے گی جس سے امن و استحکام کو نقصان پہنچے گا۔

اردن کےشاہ عبداللہ دوم، جنہوں نے منگل کے روز واشنگٹن میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کی تھی ، بعد ازاں کہا تھا کہ انہوں نے بات چیت میں غزہ اور مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی نقل مکانی کے خلاف اپنے ملک کے موقف کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ فلسطینیوں کو اپنے گھروں سے بے دخل کیے بغیر غزہ کی تعمیر نو اور سنگین انسانی صورت حال سے نمٹنا سب کی ترجیح ہونی چاہیے۔

روبیو پیر کے روز اسرائیل سے سعودی عرب پہنچے تھے جہاں سے انہوں نے امریکہ کے اعلیٰ ترین سفارت کار کے طور پر اپنا پہلا دورہ شروع کیا تھا۔

روبیو کا پہلے سے طے شدہ دورہ امریکی عہدے داروں اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے درمیان اس متوقع ملاقات سے قبل ہوا ہے ، جو یوکرین میں جنگ کے خاتمے اور روس اور امریکہ کے درمیان وسیع تر تعلقات کی بحالی پر مرکوز ہو گی۔

دونوں جانب کے بیان میں یوکرین کے بارے میں گفتگو کا ذکر نہیں کیا گیا۔

اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG