رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: تین سال بعد بابر کی حکمرانی ختم، رضوان پہلے نمبر پر آگئے


محمد رضوان متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
محمد رضوان متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں حکمرانی تین سال کے بعد ختم ہوگئی ہے۔ پاکستانی بیٹر محمد رضوان ایشیا کپ میں شان دار کارکردگی کے باعث ٹی ٹوئنٹی بیٹر رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔

محمد رضوان نے متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ میں اب تک زبردست کارکردگی دکھائی ہے اور وہ تین میچز میں 192 رنز اسکور کرکے ایونٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں۔

ایشیا کپ کے دوران محمد رضوان اب تک دو نصف سینچریاں بھی اسکور کرچکے ہیں اور انہوں نے ہانگ کانگ کے خلاف 78 اور بھارت کے خلاف 71 رنز اسکور کیے۔

جب کہ بابر اعظم ان تین میچز میں خاطرہ خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے اور انہوں نے بالترتیب 10، 9 اور 14 رنز ہی بنائے اور اسی کی وجہ سے وہ ٹاپ پوزیشن برقرار نہ رکھ سکے۔

آئی سی سی کی بدھ کو جاری نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستانی بیٹر محمد رضوان 815 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔ بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد 794 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

اسی طرح بھارتی بیٹر سوریا کمار یادیو جو تیسرے نمبر پر تھے وہ ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ ان کی جگہ جنوبی افریقی بلے باز ایڈن مارکرم نے لے لی ہے۔

محمد رضوان تیسرے پاکستانی بیٹر ہیں جو ٹی ٹوئنٹی کی ٹاپ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر آئے ہیں۔ اس سے قبل بابر اعظم اور مصباح الحق ان نمبر پر براجمان رہے ہیں۔

بابر اعظم تین سال تک ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر رہے۔

XS
SM
MD
LG