رسائی کے لنکس

کراچی: آن لائن اشتہارات، ڈکیتیوں کا آسان حربہ


پولیس کے ایک ذمہ دار اہل کار نے بتایا ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کے ایک گروہ نے اپنے بیان میں انکشاف کیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر اشتہارات دیکھ کر گھروں میں ڈاکے ڈالتے ہیں

کراچی: ​دنیا جہاں جدید دور میں داخل ہوگئی ہے وہیں انٹرنیٹ کے تھری جی اور فور جی دور میں اب ہر چیز جیسے حقیقی زندگی سے نکل کر انٹرنیٹ ہی کی محتاج بنتی جا رہی ہے۔

اب گھر کی کوئی چیز فروخت کرنی ہو تو ہر کوئی 'آن لائن اشتہار' کا سہارا لینے لگا ہے۔ مگر دنیا میں جہاں عام عوام انٹرنیٹ پر مفت اشتہاروں سے اشیا کی خرید و فروخت کرکے فائدہ اٹھا رہے ہیں، وہیں انٹرنیٹ پر مختلف برانڈز کی ویب سائٹ پر شائع ہونےوالے اشتہارات کراچی کے ڈکیت گروہ کا آسان حربہ بن گئے؛ جنکی مدد سے جرائم پیشہ افراد کا یہ گروہ گھروں میں ڈکیتیاں کرتا رہا۔

پاکستان کے معاشی مرکز، کراچی میں 'انٹرنیٹ اشتہارات' کی مدد سے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والا ایک گروہ ان دنوں کافی سرگرم رہا ہے۔

جمعرات کے روز کراچی پولیس نے ایک ایسے ہی گروہ کے چند افراد کو گرفتار کیا ہے جو انٹرنیٹ پر شائع ہونےوالے پراپرٹی اور جائیداد کے اشتہارات کے ذریعے گھروں میں ڈکیتیاں کرتے رہے ہیں۔

پولیس کے ایک ذمہ دار اہل کار نے وی او اے کو بتایا ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کے ایک گروہ نے اپنے بیان میں انکشاف کیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر اشتہارات دیکھ کر گھروں میں ڈاکے ڈالتے تھے۔

پولیس کے مطابق، اس گروہ میں متعدد افراد شامل ہیں جو ویب سائٹس پر دئے گئے عوام کی جانب سے پراپرٹی اور جائیداد کے اشتہارات پڑھ کر وہاں فون کرکے رابطہ کرتے اور پھر پراپرٹی خریدنے یا اسے دیکھنے کا کہہ کر کا گھروں میں باآسانی داخل ہوجاتے ہیں، اور دیگر ساتھیوں کو بلاکر گھر میں ڈکیتی ڈالتے تھے.

انھوں نے مزید بتایا کہ ’ایک گھر میں جب یہ گروہ ڈکیتی کر رہا تھا تو وہاں موجود خواتین نے شور مچایا جس پر اہل محلہ کی جانب سے پولیس کو بلوایا گیا۔ پولیس کی گرفتاری کے ڈر سے گروہ کے دیگر ارکان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ ایک خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے'۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ آن لائن اشتہارات کے ذریعے کئی خاندان اس گروہ کی ڈکیتیوں کی وارداتوں کا شکار ہو چکے ہیں، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG