رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: سندھ میں شاپنگ مالز، ریستوران اور سرکاری دفاتر بند کرنے کا فیصلہ


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

کرونا وائرس کے پیشِ نظر سندھ حکومت نے صوبے بھر میں تمام ریستورانوں اور شاپنگ مالز کو 15 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بندش کا اطلاق بدھ سے ہو گا۔ البتہ کریانہ اسٹورز، سبزی اور مرغی کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ ریستورانوں سے کھانا آرڈر کیا جا سکتا ہے لیکن ڈائننگ پر پابندی ہو گی۔

سندھ حکومت نے سرکاری دفاتر کو بھی جمعرات سے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ انٹرسٹی بسیں، کراچی کا ساحلی مقام سی ویو​ اور پارکس وغیرہ بھی بند رہیں گے۔

ترجمان وزیر اعلٰی سندھ کے مطابق صوبے بھر میں سرکاری دفاتر بھی جمعرات سے بند ہوں گے جس کا نوٹی فکیشن چیف سیکریٹری جاری کریں گے۔

کراچی میں بجلی کی ترسیل کے ادارے 'کے الیکٹرک' کو بھی اس سلسلے میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مالز اور ریسٹورنٹس کے بند ہونے کے دوران بجلی کی بلا تعطل سپلائی بحال رکھی جائے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ لوگوں کو گھروں میں محدود کرنا چاہتے ہیں۔ اگر وائرس پھیل گیا تو اسپتال کم پڑ جائیں گے۔

یاد رہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والا صوبہ سندھ ہے جہاں کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد 170 ہو چکی ہے۔ ادھر صوبائی حکومت نے وائرس سے نمٹنے کے لیے فنڈ بھی قائم کر دیا ہے جس میں ابتدائی طور پر تین ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

انسداد کرونا وائرس کے فنڈ میں وزیرِ اعلٰی کے علاوہ صوبائی وزرا، مشیر، صوبے میں برسر اقتدار پیپلز پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی اور دیگر اعلٰی حکام بھی اپنی تنخواہوں سے کچھ حصہ ڈالیں گے۔

  • 16x9 Image

    محمد ثاقب

    محمد ثاقب 2007 سے صحافت سے منسلک ہیں اور 2017 سے وائس آف امریکہ کے کراچی میں رپورٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ کئی دیگر ٹی وی چینلز اور غیر ملکی میڈیا کے لیے بھی کام کرچکے ہیں۔ ان کی دلچسپی کے شعبے سیاست، معیشت اور معاشرتی تفرقات ہیں۔ محمد ثاقب وائس آف امریکہ کے لیے ایک ٹی وی شو کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG