امریکہ کے ایک موقر اخبار 'دی وال اسٹریٹ جرنل' نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ذاتی وکیل نے ان کے ایک پورن اسٹار سے مبینہ تعلق کو منظر عام پر نہ لانے کے عوض اداکارہ سے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔
اخبار کے مطابق ٹرمپ کی اداکارہ اسٹیفنی کلفورڈ سے 2006ء میں گالف سے متعلق ایک تقریب میں ملاقات ہوئی تھی۔ اس وقت ٹرمپ کی ملانیا سے شادی کو صرف ایک سال ہوا تھا۔
خبر کے مطابق اسٹیفنی نے 2016ء میں نشریاتی ادارے 'اے بی سی نیوز' سے ٹرمپ کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات کے بارے میں بات چیت شروع کی تھی لیکن صدارتی انتخابات سے ایک ماہ ہی مبینہ طور پر ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کے ایک معاہدہ کر کے اداکارہ کو اس بابت بارے کرنے سے روک دیا گیا۔
اخبار کے مطابق ٹرمپ کے دیرینہ ذاتی وکیل مائیکل کوہن نے اس رقم کا بندوبست کیا اور اس کی ادائیگی اسٹیٖفنی کے وکیل کے ذریعے کی گئی۔
اخبار کو بھیجے گئے ایک بیان میں کوہن نے اس معاہدے میں اپنے کردار کے بارے میں تو کچھ نہیں کہا لیکن انھوں نے اسٹیفنی کے ساتھ ٹرمپ کے کسی بھی طرح کے تعلق کو مسترد کیا۔ یہ اداکارہ بھی ٹرمپ سے مبینہ تعلق کو مسترد کر چکی ہیں۔
جمعہ کو وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری ایک بیان میں وال اسٹریٹ جرنل کی خبر کو ان ہی کہانیوں کا تسلسل قرار دے کر مسترد کیا گیا جو صدارتی انتخابات سے قبل ٹرمپ کے کردار سے متعلق منظر عام پر لانے کی کوشش کی گئی تھی اور انتظامیہ انھیں رد کر چکی ہے۔