رسائی کے لنکس

ریمیمبرنس سنڈے کی تقریب میں ملکہ برطانیہ کی شرکت


سروس کے آغاز پر، ملکہ برطانیہ کوئین الزیبیتھ نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کی یاد میں احتراماً دو منٹ کی خاموشی اختیار کی

ملکہٴبرطانیہ کوئین الزیبیتھ نے آج لندن میں وہائٹ ہال 'میموریل' پر برطانیہ اور دولت مشترکہ کے جنگی محاذوں پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوانوں کی یاد میں ہونے والی ایک باوقار تقریب میں شرکت کی۔

’ریمیمبرنس سنڈے‘ کی مرکزی تقریب میں 88 سالہ کوئین الزیبیتھ نے جنگ عظیم اول اور دوئم کے بعد سے اب تک تنازعات کے دوران ہلاک ہونے والے مسلح افواج کے ارکان کی یادگار پر گل لالہ (پوپی) کے پھولوں کی چادر چڑھائی۔

برطانیہ میں ہر سال 11 نومبر سے قریبی اتوار کو مرنے والے فوجی جوانوں کی یاد میں ساری قوم دو منٹ کی خاموشی اختیار کرتی ہے۔

​سالانہ ’ریمیمبرنس سنڈے‘ کی تقریب میں شرکت کرنے والے سینئر رائلز، برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور دیگر سیاسی قائدین کے ہمراہ سابق فوجیوں اور سروس پر موجود اہلکاروں نے واقعہ کی یاد میں یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

ڈچز آف کیمبرج، شہزادی کیتھرین مڈلٹن اور ڈچز آف کورنوال شہزادی کمیلا نے دفتر خارجہ کی بالکونی سے اس تقریب میں شرکت کی اور مرنے والےفوجیوں جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر دہشت گرد حملوں کے ممکنہ خطرے کے سخت خدشات کی وجہ سے یادگار کے ارد گرد بھاری تعداد میں پولیس کی نفری موجود تھی، جبکہ تقریب میں شریک شاہی خاندان اور سیاسی رہنماؤں کے ارد گرد انٹیلی جنس اور پولیس کا سخت پہرہ تھا۔

سروس کے آغاز پر جس وقت بگ بین نے 11 بجے کا گھنٹہ بجایا تو ملکہ برطانیہ کوئین الزیبیتھ نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کی یاد میں احتراماً دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

ہر سال کی طرح، اس سال بھی ملک بھر میں ریمیمیبرنس سنڈے کی تقریبات منعقد ہوئیں جبکہ سینٹرل لندن میں منعقدہ سب سے بڑی ریمیمبرنس سنڈے کی تقریب کو دیکھنے کے لیے صبح سے ہزاروں افراد جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔

وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ 2014ء کا ریمیمبرنس اتوار بہت اہم ہے جس میں پہلی جنگ عظیم کے آغاز کے 100 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ ’ہم آج جواں ہمت مردوں اور عورتوں کی قربانیوں اور ان کی یاد میں متحد ہیں، جنھوں نے ہماری اور ملک کی آزادی کا دفاع کیا اور ہمیں محفوظ رکھا‘۔

اس موقع پر10,000 فوجی جوانوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا اور فوجی جوانوں کے بینڈ نے سوگوار ترانے بجائے۔

ریمیمبرنس سنڈے ہر سال برطانیہ اور دولت مشترکہ کے ملکوں میں ایک ساتھ منایا جاتا ہے۔

ریمیمبرنس سنڈے کے یادگار دن کو 11 نومبر 1918ء سے منسوب کیا جاتا ہے، جب پہلی جنگ عظیم کا خاتمہ ہوا؛ جس کے بعد، یہ کنگ جارج کی طرف سے ہر سال اسی روز ہلاک ہونے والے فوجیوں کی یاد میں منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس دن مرنے والوں سے اپنی عقیدت کے اظہار کے طور پر ساری قوم ’گل لالہ‘ (پوپی) کے پھول کا بیج لگاتی ہے۔ یہ سرخ پھول اجتماعی موت کی علامت ہے۔ یہ وہ واحد پھول ہے جو پہلی جنگ عظیم سے تباہ ہونے والی شکستہ اور مردہ زمین پر پیدا ہوتا رہا۔

XS
SM
MD
LG