کراچی کی ایک شاہراہ گویا شہر کا ’ابتدائی قاعدہ‘ بن گئی ہے۔ الف سے لیکر کر ’یے‘ تک جو بھی شہر کا خاصا ہے وہ شاہراہ عراق پر واقع کاؤس جی کمپاونڈ کے احاطے کا گھیراؤ کرتی چار دیواری پر درج ہے۔
کراچی شہر کی خاص عمارتیں، بازار، سڑکیں، پہاڑیاں، ڈھابہ، یونیورسٹیز۔۔ غرض کہ کراچی میں جس جگہ کی بھی ایک تاریخ اور حوالہ موجود ہے، وہ تاریخ اور حوالہ آپ کو اس دیوار پر ایک جھلک کی صورت دکھائی دے گا۔
کراچی کی تاریخ کو محفوظ بنانے اور دیواروں پر کندہ کرنے کا خیال ‘آئی ایم کراچی‘ (میں کراچی ہوں) نامی غیر سرکاری تنظیم کا ہے جس نے اس خیال کو تعبیر تک پہنچایا۔
'آئی ایم کراچی' کا کہنا ہے کہ کراچی لاتعداد کمیونٹیز پر مشتمل ایک خوبصورت اور گنجان آباد شہر ہے اور کراچی کی یہ ’الف، ب، پ‘۔۔۔ اس شہر اور اس کے لوگوں کی ترجمان ہے۔
آئی ایم کراچی کی عہدیدار رومانہ حسین نے وی او اے کو بتایا کہ ’ان دیواروں کو ’والز آف پیس‘ یعنی 'دیوار برائے امن' کا نام دیا گیا ہے اور اسکا مقصد کراچی کی دیواروں سے منفی تحریریں مٹا کر مثبت اور تخلیقی کام کو عوام تک پہنچانا ہے‘‘۔
ان دیواروں کو ’وصل آرٹسٹ کلیکٹیو‘ نے انڈس اسکول آف آرٹ اور آر کیٹیکچر کے تعاون سے پینٹ کیا ہے۔