رسائی کے لنکس

پانچ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی پر نئی دہلی میں احتجاج


جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی پانچ سالہ بچی کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے
جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی پانچ سالہ بچی کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک پانچ سالہ بچی کے ساتھ پڑوسی کی مبینہ جنسی زیادتی کےخلاف سیکڑوں افراد نے احتجاج کیا ہے۔

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک پانچ سالہ بچی کے ساتھ پڑوسی کی مبینہ جنسی زیادتی کےخلاف سیکڑوں افراد نے احتجاج کیا ہے۔

ملک میں عام تعطیل ہونے کے باوجود جمعے کو انسانی حقوق کی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے سیکڑوں کارکن دہلی کے اس سرکاری اسپتال کے باہر جمع ہوئے جہاں متاثرہ بچی کو علاج کی غرض سے جمعرات کوداخل کرایا گیا تھا۔

مظاہرین نے بچوں اور خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی سے متعلق قوانین کے سختی سے نفاذ اور ملک میں صنفی امتیاز کے خاتمے کے لیے نعرے بازی کی۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق متاثرہ بچی کی حالت تشویش ناک ہے اور ڈاکٹروں نے اس کی صحت کے لیے آئندہ 48 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیے ہیں۔

جمعے کے مظاہرے کی منتظم جماعت 'عام آدمی پارٹی' کے ایک عہدیدار کے مطابق بچی کے والدین مزدور اور دہلی کے نواح میں قائم ایک کچی بستی کے رہائشی ہیں جہاں سے بچی 15 اپریل کو لاپتہ ہوگئی تھی۔

والدین کی جانب سے بچی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرانے کے بعد پولیس نے جمعرات کو ان کے پڑوسی کے گھر چھاپہ مار کے لڑکی کو زخمی اور بے ہوش حالت میں بازیاب کرایا تھا۔

حکام کے مطابق گھر کا مالک پولیس کی آمد سے قبل فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا اور اس نے تین دن تک بچی کو حبسِ بے جا میں رکھنے کے دوران میں اسے مبینہ طور پر جنسی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔

اس واقعے کے سامنے آنے کے بعد بھارت میں خواتین کے تحفظ سے متعلق قوانین کو مزید سخت کرنے کی بحث مزید شدت اختیار کرگئی ہے۔

بھارتی وزیرِاعظم من موہن سنگھ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اس واقعے پر شدید صدمے میں ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں نئی دہلی میں چھ افراد نے چلتی بس میں میڈیکل کی ایک طالبہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بس سے پھینک دیا تھا جو بعد ازاں دورانِ علاج جانبر نہ ہوسکی تھی۔

واقعے کے بعد سے بھارت میں حقوقِ نسواں کے لیے سرگرم تنظیموں اور سیاسی کارکنوں نے خواتین کے تحفظ کے لیے سخت قوانین متعارف کرانے کی تحریک شروع کر رکھی ہے۔
XS
SM
MD
LG