رسائی کے لنکس

ڈان تھری میں شاہ رخ کی جگہ رنویر؛ 'اس سے اچھا تھا فلم ہی نہ بناتے'


بالی وڈ کی مشہور فلم سیریز 'ڈان' کے تیسرے پارٹ کا ٹیزر ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے اور شائقینِ فلم میں شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ کو کاسٹ کرنے پر مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں۔

پروڈکشن کمپنی 'ایکسل انٹرٹینمنٹ' نے منگل کو جاری بیان میں بتایا تھا کہ ڈان تھری میں شاہ رخ خان کی جگہ کسی اور اداکار کو کاسٹ کیا گیا ہے۔ البتہ انہوں نے نام ظاہر نہیں کیا تھا۔

اب بدھ کو ڈان تھری کا ٹیزر جاری کیا گیا جس میں اداکار رنویر سنگھ ڈان کے کردار میں نظر آ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 'ڈان' 2006 میں ریلیز کی گئی تھی جس کی ہدایات فرحان اختر نے دی تھیں۔ یہ سن 1978 کی امیتابھ بچن کی فلم 'ڈان'کا ری میک تھی جس میں شاہ رخ خان اور اداکارہ پریانکا چوپڑا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

بعد ازاں 2011 میں 'ڈان ٹو: دی کنگ از بیک' ریلیز کی گئی تھی جس میں شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا سمیت لارا دتہ، بمن ایرانی اور دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

البتہ اب فلم کے تیسرے پارٹ میں رنویر سنگھ اڈان ہیں جب کہ دیگر کاسٹ کے نام ابھی تک سامنے نہیں آئے ہیں۔

فلم کے ٹیزر پر شائقین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ کوئی اس فلم میں شاہ رخ کی جگہ رنویر سنگھ کو کاسٹ کرنے پر ناراض ہے تو کوئی کہہ رہا ہے کہ شاہ رخ خان کے بغیر فلم کو بنانے کی ضرورت ہی نہیں تھی۔

بروس وین نامی صارف کہتے ہیں کہ 'شاہ رخ خان کی جگہ کسی اور کو نہیں دیکھ سکتا۔'

ایک اور صارف کہتے ہیں 'ایک دم سستے سے بھی سستا ڈان۔'

امت کہتے ہیں 'ارے بھائی یہ کیا بنا دیے ہو؟'

اکشے کہتے ہیں 'ایسی بھی کیا تھی، اس سے اچھا بناتے ہی نہیں۔'

ایک اور صارف نے کہا کہ 'اس میں کوئی شک نہیں کہ رنویر سنگھ ایک اچھے اداکار ہیں لیکن شاہ رخ خان کے بغیر ڈان ناممکن ہے۔'

یانگ گوئی نامی صارف نے رنویر سنگھ کے حوالے سے کہا کہ ان کے پیچھے تو دو ملکوں کی پولیس بھی نہ پڑے۔

اشیش شریواستوا نے کہا کہ شاہ رخ خان ہی واحد ڈان ہیں۔

نیرو نامی صارف نے رنویر سنگھ کی تعریف کی ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG