رسائی کے لنکس

روک این رول کوئین ٹینا ٹرنر کا 83 برس کی عمر میں انتقال


’کوئین آف راک این رول‘ کے نام سے مشہور امریکی نژاد گلوکارہ ٹینا ٹرنر طویل علالت کے بعد 83 برس کی عمر میں سوئٹزر لینڈ میں انتقال کر گئی ہیں۔

ٹینا ٹرنر نے کریئر 1950 کی دہائی میں شروع کیا تھا۔ یہ راک اینڈ رول کا بھی آغاز کا زمانہ تھا۔اس زمانے میں ان کا گانا "واٹز لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ" (What's Love Got to Do with It) بہت مشہور ہوا تھا اور میوزک چارٹ میں ٹاپ پر رہا۔ اس گانے کی ویڈیو میں انہوں نے محبت کو ایک "استعمال شدہ احساس" (second-hand emotion) سے تشبیہ دی۔

ٹینا ٹرنر 1980 کی دہائی کے اسٹائل کی بھی عکاسی کرتی ہیں، جب وہ نیویارک شہر کی سڑکوں پر اپنے چمک دار سنہرے بالوں، جینز کی جیکٹ، منی اسکرٹ اور باریک اونچی ہیلز کے ساتھ گھوم رہی ہوتی تھیں۔

ٹیناٹرنر نے اپنے کریئر میں مجموعی طور پر 12 گریمی ایوارڈ جیتے۔ ان کا نام 1980 کی دہائی میں آٹھ گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا جن میں سے انہوں نے چھ اپنے نام کیے تھے۔

اس دہائی کے سر فہرست 40 گانوں میں درجن بھر گانےان کے تھے جن میں پرائیوٹ ٹیپیکل میل (Typical Male) ، دی بیسٹ (The Best)، پرائیوٹ ڈانسر (Private Dancer) اور بیٹر بی گڈ ٹو می (Better Be Good to Me) شامل ہیں۔

’راک اینڈ رول ہال آف فیم‘ میں ان کو دو بار شامل کیا گیا تھا۔ پہلی بار وہ 1991 اور دوسری بار 2021 میں راک اینڈ رول ہال آف فیم کے لیے منتخب ہوئیں۔

برازیل کے شہر ریو ڈی جینرو میں ان کے 1988 کے شو میں ایک لاکھ 80 ہزارلوگوں نے شرکت کی تھی۔

ٹینا ٹرنر نے 1980 کی دہائی میں پاپ میوزک میں اس وقت موسیقی کے ساتھ تجربات کیے اور دو ٹوک الفاظ کو گانوں کا حصہ بنایا جب شائقین موسیقی کے الیکٹرانک آلات سے تیار کی گئی آوازوں کو پسند کر رہے تھے۔

ان کے ٹریڈ مارکس میں ان کا بلند آہنگ، بولڈ مسکراہٹ اور نمایاں چیک بونز، ان کی وِگز کا مجموعہ اور حسین ملبوسات شامل ہیں

ٹینا ٹرنر 1985 میں گریمی ایوارڈ کے ساتھ۔
ٹینا ٹرنر 1985 میں گریمی ایوارڈ کے ساتھ۔

بیونسے گوزئیل اور اوپرا ونفری دونوں ٹینا ٹرنر کے مداحوں میں شامل تthiN، ان دونوں کو 2005 میں کینیڈی سینٹر میں ان کے ہمراہ اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

ان کی زندگی پر ایک فلم ’براڈوے میوزیکل‘ بنائی گئی جب کہ ایچ بی او نے ایک دستاویزی فلم بنائی تھی جسے انہوں نے ’عوام سے الوداع‘ قرار دیا تھا۔

بدقسمت ازدواجی زندگی

ٹیناٹرنر کی گٹارسٹ آئیکے ٹرنر سے شادی ایک دہائی تک قائم رہی۔سپر اسٹار نے 1960 اور 1970 کی دہائیوں میں اپنی ازدواجی زندگی اور میوزیکل پارٹنرشپ کے دوران سابق شوہر کی زیادتیوں کے بارے میں کھل کر بات کی۔

شوہر کے تشدد کے سبب انہیں کئی بار اسپتال کے ایمرجنسی روم کا رخ کرنا پڑا۔ وہ میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے اس تشدد کی کہانی کو سامنے بھی لائیں۔ انہوں نےاپنی آنکھوں کے نیل، پھٹے ہوئے ہونٹ، ٹوٹا ہوا جبڑا اور دیگر زخموں کی وجہ شوہر کے تشدد کو قرار دیا۔

گلوکارہ جینٹ جیکسن نے امریکی میگزین ’رولنگ ا سٹون ‘ میں ٹینا ٹرنر کے بارے میں لکھا کہ ٹینا کی کہانی مظلومیت کی نہیں بلکہ ناقابل یقین کامیابی کی کہانی ہے، جس نے ٹرنر کو اب تک کے 100 بہترین فن کاروں کی فہرست میں 63ویں نمبر پر رکھا ہوا ہے۔

سال 1985 میں ٹینا ٹرنر نے اپنے کریئر میں ایک اہم موڑ لیا اور انہوں نے میڈ میکس فرنچائز کی فلم ’بیونڈ تھنڈر ڈوم‘ میں میل گبسن کے مقابل کام کیا۔ اس فلم میں ان کا کردار ایک بے رحم رہنما کا تھا جوایک علاقے کی نگران تھی۔

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی بے مثال فن کارہ کی موت سوئٹزرلینڈ میں زیورخ کے قریب اپنے گھر میں ہوئی۔

اس رپورٹ میں کچھ معلومات خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG