رسائی کے لنکس

مفت پاس ورڈ شیئرنگ ختم، آپ کا نیٹ فلکس اکاؤنٹ صرف آپ کا ہے


آن لائن اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے منگل کو امریکہ اور 100 سے زیادہ دیگر ممالک میں پاس ورڈ کے اشتراک کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹ اپنے گھر کے سوا باہر مفت میں شیئر نہیں کر سکتے۔ اس کے لیے انہیں اضافی فیس ادا کرنا ہو گی۔

منگل کے روز اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں اسٹریمنگ سروس نے اپنے ممبران کو اس تبدیلی کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے صارفین کو اس بارے میں فرداً فرداً ای میل بھی بھیج رہا ہے تاکہ وہ بروقت اپنے اکاؤنٹ میں آنے والی اس تبدیلی سے آگاہ ہوں ۔

اس سے قبل برسوں سے نیٹ فلکس ممبران، اپنی سبسکرپشن کے مطابق ایک ، دو یا چار افراد کے ساتھ اپنا پاس ورڈ شئیرکر سکتے تھے اور وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھے آپ کے اکاؤنٹ سے نیٹ فلکس تک رسائی حاصل کر سکتے تھے۔

گزشتہ کچھ عرصے سے کمپنی اپنی مالی مشکلات پر قابو پانے کے طریقے ڈھونڈنے پر غور کر رہی تھی جس کا حل اس نے سبسکرپشن کی تعداد بڑھا نے کے لیے پاس ورڈ کے اشتراک سے متعلق اپنے رہنما خطوط کو سخت کرنے کی صورت میں نکالا ہے ۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، نیٹ فلکس نے منگل کے روز امریکہ ،برطانیہ،فرانس،جرمنی،آسٹریلیا،سنگاپور،میکسیکو اور برازیل سمیت 103 ممالک کے صارفین کو اکاؤنٹ شیئرنگ کے بارے میں ای میلز بھیجی ہیں ۔جن میں کہا گیا ہے کہ نیٹ فلکس اکاؤنٹ صرف ایک ہی گھر میں استعمال کیا جا سکتا ہے لیکن صارفین اضافی فیس ادا کر کے کہیں سے بھی کسی کو اپنے اکاؤنٹ میں شامل کر سکتے ہیں ۔

امریکہ میں اضافی ممبر کو شامل کرنے کی فیس 8 ڈالر ماہانہ ہے ۔ کمپنی کے اندازے کے مطابق، 100 ملین سے زیادہ صارفین نے اپنے گھر سے باہر دوستوں اور رشتے داروں کے ساتھ پاس ورڈ بانٹ رکھا ہے۔ مارچ کے آخر تک،عالمی سطح پر نیٹ فلکس کے ادائیگی کرنے والے صارفین کی کل تعداد 23 کروڑ 25 لاکھ تھی ۔

کمپنی نے کہا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت، ایک ہی گھر کے لوگ نیٹ فلکس اکاؤنٹ کا اشتراک جاری رکھ سکتے ہیں اور سفر کے دوران اسے مختلف ڈیوائسز پر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

توقع کی جا رہی تھی کہ نیٹ فلکس اس سال کی پہلی سہ ماہی کے آخر میں یہ کریک ڈاؤن شروع کرے گا لیکن کمپنی نے اس اقدام کو آگے بڑھاتے ہوئے سرمایہ کاروں اور صارفین کو متنبہ کیا کہ وہ دوسری سہ ماہی تک اس اقدام کو آگے بڑھا رہا ہے۔

نیٹ فلکس کا کہنا ہے کہ پاس ورڈ کی اس پیمانے پر شئیرنگ ،کمپنی کی نئے تفریحی مواد میں سرمایہ کاری کی صلاحیت کو متاثر کر رہی ہے ۔لیکن اب سوال یہ ہے کہ وہ دوست اور رشتے دار جو برسوں سے آپ کے اکاؤنٹ سے فائدہ اٹھا رہے تھے کیا نیٹ فلکس کی ماہانہ سبسکرپشن پر رقم خرچ کریں گے ؟

(اس رپورٹ کے لیے کچھ مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG