رسائی کے لنکس

برطانیہ: ملکہ الزبتھ کی 90 ویں سالگرہ کا جشن


اس یادگار تقریب کے موقع پر شاہی محل کی بالکنی پر ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کے ساتھ پہلی مرتبہ ننھی شہزادی شارلے بھی جلوہ افروز ہوئیں

اس ہفتے برطانوی عوام طویل ترین حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبیتھ دوئم کی 90 سالہ شاندار زندگی کا جشن منا رہی ہے۔

ہفتے کے روز دارالحکومت لندن کی سڑکوں پر ہزاروں لوگ ملکہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے، جو انتہائی جوش و خروش کے ساتھ بلند آوازوں میں اپنی محبوب ملکہ کو اس سنگ میل سالگرہ کی مبارکباد دے رہے تھے۔

اس یادگار تقریب کے موقع پر شاہی محل کی بالکنی پر ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کے ساتھ پہلی مرتبہ ننھی شہزادی شارلے بھی جلوہ افروز ہوئیں۔ یہ شہزادی شارلے کی پیدائش کے بعد دوسرا موقع ہےجب برطانیہ کی نئی شہزادی کو اس طرح براہ راست عوام کے سامنے لایا گیا ہے۔

ملکہ الزبتھ دوئم کی سالگرہ کی تاریخ 21 اپریل ہے لیکن ہرسال ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی سرکاری تقریب کا اہتمام جون کے مہینے میں کیا جاتا ہے ۔

ملکہ عالیہ کی سالگرہ کی دو روزہ خصوصی تقریبات کا سرکاری افتتاح ہفتے کے دن لندن میں ہارس گارڈز پیریڈ کے مقام پر ایک روایتی فوجی تقریب کے ساتھ ہوا ۔

یہ تقریب ملکہ کی سالگرہ کی تقریبات کا ایک حصہ ہے جسے ملکہ کی سالگرہ کی پریڈ کے نام سے یاد رکھا جاتا ہے جس کا آغاز سنہ 1700 کے وسط میں ہوا جب پہلی مرتبہ اس پیریڈ کو شاہی سربراہ کی سالگرہ کے ساتھ مخصوص کر دیا گیا تھا۔

اپنی سالگرہ کی تقریب کے لیے ملکہ برطانیہ نے گہرے سبز رنگ کا لباس منتخب کیا تھا اور عمر کے اس حصے میں بھی وہ گہرے رنگ کے لباس میں بہت کھلی کھلی اور تر و تازہ نظر آرہی تھیں۔

حسب روایت ملکہ برطانیہ کو شاہی بگھی کے ذریعے گھڑ سوار دستوں کے ہمراہی میں شہزادہ فلپ کے ساتھ بکنگھم پیلس سے وہائٹ ہال پہنچایا گیا۔

ان کے ساتھ اس قافلے میں شہزادی کیتھرین مڈلٹن، شہزادی کمیلا اور شہزادہ ہیری کی بگھی اور دیگر شاہی خاندان کے افراد کی بگھیاں بھی شامل تھی۔

شہادہ ولیم کی اہلیہ شہزادی کیٹ اور والدہ شہزادی کمیلا نے سفید لباس زیب تن کیا تھا سادہ لباس کے باوجود دونوں شہزادیاں انتہائی باوقار اور خوبصورت لگ رہی تھیں۔

وسطی لندن میں ' ٹروپنگ دا کلر' نامی تقریب کا آغاز ملکہ نے ہاوس سولڈ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے فوجی دستوں کے معائنہ کے ساتھ کیا۔

جس کے بعد پیریڈ میں شامل 1,500 فوجیوں پیدل اور 200گھڑ سوار فوجی دستوں اور 400 سے زائد فوجی میوزک بینڈ کے جوانوں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا.

پیریڈ کے اختتام پر شاہی خاندان بکنگھم پیلس کی بالکنی میں جلوہ افروز ہوا اور شاہی فضائیہ کے جنگی جہازوں کے کمالات سے محظوظ ہوا اس سال شاہی فضائیہ رائل ائیر فورس کے 29 جنگی جہازوں نے فضا میں شاندار کرتب کا مظاہرہ کیا۔

جب شاہی خاندان بکنگھم پیلس کی بالکنی میں جمع ہوا تو ملکہ برطانیہ کے بالکل برابر میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ اپنے دونوں بچوں شہزادی شارلے اور شہزادہ جارج کے ساتھ موجود تھے.

شہزادی شارلے گلابی فراک میں اپنی والدہ کے گود میں نظر آرہی تھیں اور شہزادہ جارج اپنے ہاتھوں کی دوربین بنا کر انتہائی شوق سے آسمان پر جنگی جہازوں کو دیکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کا دعوی ہے کہ شہزادہ جارج نے آج جو لباس پہننا تھا یہ وہی لباس ہے جو آج سے 32 برس قبل ان کے والد شہزادہ ولیم نے اپنے چھوٹے بھائی شہادہ ہیری کے بپتسمہ کی تقریب میں پہننا تھا.

اس موقع پر شاہی خاندان کی طرف سے مجمع کی جانب سے والہانہ محبت کےجواب میں ہاتھ ہلا کر جواب دیا جارہا تھا اور جب شہزادی شارلے نے پہلی مرتبہ عوامی محبت کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا تو اسے ایک کیمرہ کلک میں محفوظ کر لیا گیا۔

پریڈ کے اختتام پر گرین پارک میں رائل ہاوس آرٹلری کے جوانوں نے ملکہ برطانیہ کے اعزاز میں 41 توپوں کی سلامی پیش کی.

ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں جمعے کے روز ملکہ کے اعزاز میں سینٹ پال کیتھیڈرل چرج میں یوم تشکر کی سروس منعقد کی گئی،جس میں ملکہ کے ساتھ شاہی خاندان کے افراد اور سیاسی شخصیات اور معروف عوامی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

سالگرہ کے جشن کے دوسرے روز اتوار کو دا مال کے مقام پر ایک ہزار سے زائد میزیں سجائی جائیں گی جہاں تقریبا دس ہزار سے زائد مہمانوں کو ملکہ عالیہ کی طرف سے سالگرہ کے لنج کی تقریب کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

اس تقریب میں مہمانوں کی خطر تواضع کے علاوہ ان کی تفریح کے لیے ایک رنگا رنگ کارنیوال طرز کی پیریڈ کا اپتمام بھی کیا گیا ہے ۔

ملکہ کی اس خاص سالگرہ کے موقع پر عوام کی جانب سے اتوار کو ملک کے طول وعرض میں اسٹریٹ تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ اس روز ملک کے ریستوران رات دیر تک کھلے رکھیں جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG