رسائی کے لنکس

ملکہ کی شادی و تاج پوشی کا جوڑا نمائش کے لیے رکھا جائے گا


رائل کلیکشن ٹرسٹ کے مطابق یہ پہلا موقع ہےجب ایک نمائش میں ملکہ برطانیہ کی طرف سے ان کی زندگی کے دو اہم ترین مواقع پر پہنے گئے لباس کو ایک ساتھ ایک جگہ پر دیکھا جا سکے گا۔

ملکہ برطانیہ کوئن الزبیتھ دوئم کی 90 ویں سالگرہ کےجشن کے موقع پر پہلی مرتبہ ملکہ عالیہ کی شادی اور تاج پوشی کا خوبصورت لباس کسی عوامی نمائش میں پیش کیا جائے گا۔

رائل کلیکشن ٹرسٹ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب ایک نمائش میں ملکہ برطانیہ کی طرف سے ان کی زندگی کے دو اہم ترین مواقع پر پہنے گئے لباس کو ایک ساتھ ایک جگہ پر دیکھا جا سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق کوئن الزبیتھ کی شادی اور تاجپوشی کی تقریب میں پہنے جانے والے شاہی ملبوسات کو بکنگھم پیلس کے اسٹیٹ کمروں کی موسم گرما کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈسپلے کے لیے رکھا جائے گا۔

یہ خصوصی نمائش 'ملکہ کے وارڈروب سے اسٹائل کے نوے برس' کے عنوان سے بکنگھم پیلس میں 23جولائی سے 2 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

20 نومبر 1947ء کو شہزادہ فلپ کے ساتھ شادی کے موقع پرجو ویڈنگ گاؤن ملکہ برطانیہ نے زیب تن کیا تھا اور، تاج پوشی کے موقع پر، انھوں نےجو خوبصورت لباس پہنا تھا، ان دونوں جوڑوں کو معروف برطانوی پوشاک ساز سر نارمن ہرٹنل نے ڈیزائن کیا تھا۔

سر نارمن ہرٹنل کو جب کوئن الزبیتھ کا عروسی جوڑا ڈیزائن کرنے کا حکم دیا گیا تو، انھوں نے ان کی زندگی کا سب سے خوبصورت جوڑا ڈیزائن کیا، جس کے بارے میں وہ کہتے تھے کہ یہ ان کا ڈیزائن کردہ سب سے زیادہ حسین لباس تھا۔

ملکہ کا شاندار عروسی جوڑا آئیوری ریشم سے تیار کیا گیا، جس پر ستارے کے نمونوں والا ڈیزائن کیا گیا اور اسے نگینوں اور دس ہزار سیپ کی موتیوں کے حسین امتزاج کے ساتھ سجایا گیا۔

1947ء میں برطانیہ میں راشننگ کا نظام جاری تھا اس لیے شادی کے جوڑے کی قیمت ادا کرنے کے لیے ملکہ نے لباس کے کوپن جمع کیے تھے۔

ڈیزائنر ہرٹنل1938 ء سے شاہی خاندان کے لیے کام کر رہے تھے، انھیں ویسٹ منسٹر ایبے میں 2 جون 1953ء میں ہونے والی ملکہ عالیہ کی تاج پوشی کی تقریب کے لیے ایک شاندار لباس تیار کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

انھوں نے ملکہ کی تاج پوشی کے موقع کی مناسبت سے ایک انتہائی نفیس سفید ساٹن کا لباس ڈیزائن کیا جس پر قومی اور دولت مشترکہ کے اتحاد کی علامت کے طور پر پھولوں کا ڈیزائن بنایا گیا اس گاؤن پر سونے اور چاندی کے تاروں سے بھاری کڑھائی کے ساتھ نگینے، موتی اور ستارے ٹانکے گئے تھے۔

ملکہ عالیہ کی 90 ویں سالگرہ کے جشن کے طور پر بکنگھم پیلس سمیت ملکہ کی دو اور سرکاری رہائش گاہوں محل ایڈنبرا اور ونڈسر محل میں بھی ملکہ کے شام کی تقریبات کے ملبوسات کی نمائش رکھی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG