رسائی کے لنکس

قطر، پاکستان کے تجربات سے استفادے کا خواہاں


جنرل باجوہ کی دوحہ میں قطر کے وزیراعظم سے ملاقات
جنرل باجوہ کی دوحہ میں قطر کے وزیراعظم سے ملاقات

قطری وزیراعظم نے پاکستان سے افرادی قوت کے حصول پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے قطر میں پہلے سے موجود پاکستانیوں کی اس ملک کے لیے خدمات کو سراہا۔

قطر نے سلامتی کے معاملات میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے خواہش کا اظہار کیا ہے وہ اس ضمن میں پاکستان کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے اور خاص طور پر 2022ء میں دوحہ میں ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ کے موقع پر معاونت کا خواہاں ہے۔

یہ بات قطر کے وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی نے پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے گفتگو میں کہی جنہوں نے منگل کو دوحہ میں ان سے ملاقات کی۔

جنرل باجوہ قطر کے دورے پر ہیں جہاں ان کی اس خیلجی ریاست کے اعلیٰ سول و فوج عہدیداروں سے ملاقاتیں ہوئیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کا ملک سائبر سکیورٹی اور دفاعی پیداوار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔

انھوں نے پاکستان سے افرادی قوت کے حصول پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے قطر میں پہلے سے موجود پاکستانیوں کی اس ملک کے لیے خدمات کو سراہا۔

بیان کے مطابق جنرل باجوہ نے قطر کے وزیراعظم کا ان خیالات کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام شعبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

دنیا کے سب سے زیادہ مقبول کھیل فٹبال کا بائیسواں عالمی کپ نومبر 2022ء میں قطر میں ہونے جا رہا ہے جس کے لیے اس ملک میں نئے اسٹیڈیمز کی تعمیر اور بنیادی ڈھانچے کی تیاری کا کام جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG