رسائی کے لنکس

قطر کو رمضان سے پہلے غزہ میں جنگ میں وقفے کی توقع


 غزہ میں اسرائیلی بمباری کے بعد تباہی کا ایک منظر، ، فائل فوٹو
غزہ میں اسرائیلی بمباری کے بعد تباہی کا ایک منظر، ، فائل فوٹو
  • قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ایک باقاعدہ بریفنگ میں اس امید کا اظہار کیا کہ جنگ بندی کا کسی قسم کا کوئی معاہدہ طے پا سکتا ہے۔
  • مصر کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ اتوار کو مصری، قطری اور امریکی ثالثوں نے دوحہ میں مذاکرات کے لیے ملاقات کی جس میں اسرائیل اور حماس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے منگل کو کہا کہ قطر کو غزہ میں جنگ بندی کی امید ہے اور وہ رمضان سے پہلے ایک معاہدے کے لیے زور دے رہا ہے۔

ماجد الانصاری نے ایک باقاعدہ بریفنگ میں بتایا کہ، " ہمیں امید ہے ، گوکہ ہم ضرورت سے زیادہ پر امید بھی نہیں ہیں، کہ ہم آج یا کل کچھ اعلان کر سکتے ہیں ، لیکن ہمیں امید ہے کہ ہم کسی قسم کے معاہدے پر پہنچ سکتے ہیں۔"

ترجمان نے کہا " ظاہر ہے ہم نے کہا تھا کہ رمضان ایک تنازعہ بننے والا ہے، یہ محاذ آرائی کا ایک نقطہ بنے گا اور یہ کہ ہم رمضان کے آغاز سے پہلے جنگ میں ایک وقفے کے لیے زور دیں گے۔

انصاری کا مزید کہنا تھا "ہم سب اس بارے میں کام کر رہے ہیں، لیکن زمینی صورت حال اب بھی غیر یقینی ہے۔

انصاری نے یہ بات امریکی صدر جو بائیڈن کے اس بیان کے بعد کہی کہ رمضان کا مہینہ شروع ہونے سے قبل پیر کے روز ایک نئی جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی شروع ہو سکتی ہے۔ رمضان المبارک 11 مارچ کے قریب شروع ہو گا۔

قطر، حماس کے سیاسی بیورو کی میزبانی کرتا ہے، اور فلسطینی عسکریت پسندوں، اسرائیل، امریکہ اور مصر کی بات چیت میں ایک اہم ثالث رہا ہے۔

انصاری نے کہا، " ابھی تک ہمارے پاس کوئی معاہدہ نہیں ہے۔ ہم اب بھی ہر طرف سے گفت و شنید پر کام کر رہے ہیں۔"

حماس کے خلاف اسرائیل کی فضائی، زمینی اور بحری جنگ میں جو جنوبی اسرائیل پر سات اکتوبر کو حماس کے مہلک حملوں کے جواب میں کی گئی، غزہ میں حماس کے زیرانتظام وزارت صحت کے مطابق کم از کم 29,878 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی سرکاری اعداد و شمار کی بنیاد پر اے ایف پی کی گنتی کے مطابق، حماس نے غزہ کی پٹی سے متصل دیہی کمیونٹیز اور فوجی چوکیوں پر حملہ کیا، جس میں کم از کم 1,160 افراد ہلاک ہوئے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ تقریباً 250 کو یرغمال بنایا گیا تھا ، جن میں سے 130 اب بھی غزہ میں موجود ہیں، اگرچہ خیال کیا جاتا ہے کہ ان میں سے تقریباً 30 ہلاک ہو چکے ہیں۔

نومبر میں لڑائی میں ایک ہفتے کے وقفے کے دوران 100 سے زائد یرغمالوں کو رہا کیا گیا، جن میں 80 اسرائیلی بھی شامل تھے جنہیں اسرائیل میں قید تقریباً 240 فلسطینیوں کے بدلے رہا کیا گیا تھا۔

مصر کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ اتوار کو مصری، قطری اور امریکی ثالثوں نے دوحہ میں مذاکرات کے لیے ملاقات کی جس میں اسرائیل اور حماس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے سی این این کو بتایا کہ دوحہ مذاکرات کے بعد پیرس میں حماس کے بغیر ایک میٹنگ ہوئی جس میں شریک نمائندوں نے عارضی جنگ بندی کے لیے یرغمالوں کے معاہدے کے بنیادی خاکے پر اتفاق کیا "۔

اس رپورٹ کا مواد اے ایف پی سے لیا گیا ہے

فورم

XS
SM
MD
LG