رسائی کے لنکس

ہندی فلموں میں پنجابی گیتوں کا کامیاب تڑکا


ہندی فلموں میں پنجابی گیتوں کا کامیاب تڑکا
ہندی فلموں میں پنجابی گیتوں کا کامیاب تڑکا

ہندی فلموں میں پنجابی گانوں کی آمیزش نہ صرف ایک کامیاب تجربہ ثابت ہوا ہے بلکہ اس' تڑکے' سے فلمی کاروبار بھی خوب چمک اٹھا ہے۔ آج بالی ووڈکی شاید ہی کوئی ایسی فلم ہو جس کا ایک آدھ گانا پنجابی میں نہ ہو، ورنہ جسے دیکھو پنجابی گانے کو گود لینے کی فکر میں ہے۔

فلمی دنیا پر گہری نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ پنجابی بول، گانوں کو تو کامیاب کرتے ہی ہیں، ان کے بل بوتے پر فلم بھی ہٹ ہوجاتی ہے ۔ اس رجحان کے بڑھنے کی بس یہی وجہ ہے۔

ساڈی گلی۔۔۔، رولا پے گیا۔۔۔، لونگ دا لشکارا۔۔۔، اور ایویں، ایویں۔۔۔ جیسے پنجابی گیت ان دنوں زبان زد عام ہیں۔ شادی ہو یا کوئی اور تقریب یا پھر ڈسکو کلب ہر جگہ یہی گانے سنے اور سنائے جاتے ہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے، ’پہلے پاپ موسیقی میں پنجابی موسیقی کی آمیزش ہوا کرتی تھی اور اب ہندی موسیقی میں پنجابی موسیقی کی آمیزش ہورہی ہے۔ اس کی صرف یہی ایک وجہ ہے کہ لوگ انہیں پسند کرنے لگے ہیں۔ ہر عمر کے لوگ ان گیتوں کو سن کر تھرکنے لگتے ہیں‘۔

بھارتی پنجاب ہو یا پاکستانی پنجاب، برطانیہ، کینیڈا ہو یا پھر امریکا، پنجابی بولنے، سمجھنے اور ان گیتوں پر سر دھننے والے ہر جگہ موجود ہیں۔ لہذا پنجابی گانے ہر جگہ اپنا ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔

ہندی فلموں میں پنجابی گانوں کی آمیزش کی ابتدا دلیر مہدی کے گانے ’بولو ۔۔تارا ۔۔۔را۔۔۔را‘ سے ہوئی۔ پھر سکھ وندر سنگھ، میکا سنگھ اور دیگر سنگرز نے ان کے نقش قدم پر چلنا شروع کردیا اور یوں یہ روش آج تک جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG