پاکستان کے صوبہ پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 86 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ صوبے میں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات کی تعداد ہے۔ اس سے پہلے 19 جون کو 82 مریض دم توڑ گئے تھے۔
بدھ کو ملک بھر میں کم از کم 143 افراد کا انتقال ہوا، جبکہ 3797 نئے کیسز سامنے آئے۔ ان میں دارالحکومت اسلام آباد کے اعدادوشمار شامل نہیں۔ منگل کو ملک میں آدھی سے بھی کم یعنی 60 اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق، 24 گھنٹوں میں 1635 افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے، 86 اموات ہوئیں اور 327 افراد شفایاب ہوئے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق 1414 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی، 39 مریض چل بسے اور 1072 افراد صحت یاب ہوگئے۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق 499 افراد وائرس میں مبتلا ہوئے، 14 افراد کا انتقال ہوا جبکہ 1712 افراد کو شفا ملی۔ بلوچستان میں 183 کیسز سامنے آئے، 2 اموات ہوئیں اور 16 افراد نے وائرس کو شکست دے دی۔
گلگت بلتستان میں 28 نئے مریضوں کا پتا چلا اور 34 افراد تندرست ہوگئے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 38 ٹیسٹ مثبت آئے، 2 افراد ہلاک ہوئے اور 24 صحت یاب ہوگئے۔
پاکستان میں کیسز کی مجموعی تعداد اب 192753 ہوگئی ہے اور اس کا دنیا میں 12واں نمبر ہے۔ جرمنی میں مریضوں کی تعداد 192977، ترکی میں 191657 اور میکسیکو میں 191410 ہے۔
جرمنی، ترکی اور میکسیکو کے مقابلے میں پاکستان میں جانی نقصان کم ہوا ہے اور اموات کی کل تعداد 3898 ہے۔ ترکی میں 5025، جرمنی میں 8990 اور میکسیکو میں 23377 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔