رسائی کے لنکس

شیخوپورہ: پولیس کارروائی میں چھ' شدت پسند' ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب (سی ٹی ڈی) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ہفتے کی رات کو شیخوپورہ بائی پاس کے قریب کی گئی۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے ضلع شیخوپورہ میں ایک کارروائی کے دوران چھ مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب (سی ٹی ڈی) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ہفتے کی رات کو شیخوپورہ بائی پاس کے قریب کی گئی۔

سی ٹی ڈی کی طرف سے کی گئی اس کارروائی کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی ہے تاہم اس سے قبل بھی صوبہ پنجاب میں سی ٹی ڈی کی طرف سے کی جانے والی کارروائیوں میں متعدد شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا بتایا جا چکا ہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور کے گلشن پارک میں گزشتہ سال ہونے بم دھماکے کے دو 2 ملزموں شاہد اللہ اور خانزیب کو تفتیش کے لے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ شیخوپورہ کے فیکٹری ایریا کے قریب ان کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر حملہ کیا اور وہ دونوں ملزموں کو چھڑوا کر لے گئے۔

ادارے کے ترجمان کے بیان کے مطابق بعدازاں پولیس کو یہ اطلاع ملی کہ نو یا دس شدت پسند شیخوپورہ میں ایک زیر تعمیر عمارت میں موجود ہیں۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ جب محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں نے جب زیر تعیمر عمارت پر چھاپہ مارا تو وہاں چھپے ہوئے شدت پسندوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اس دوران انہوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی اور اس دوران چھ مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ باقی فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، کلاشنکوف رائفلز، پستول اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

حالیہ مہینوں میں پاکستان کے دیگر علاقوں اور صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں القاعدہ، داعش اور دیگر شدت پسند تنظیموں کے مبینہ طور پر تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا جاتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG