رسائی کے لنکس

پاکستان سپرلیگ 2 کی ٹرافی ’منظر عام‘ پر آگئی


سرفراز احمد کا کہنا تھا ’’ ٹیم میں زیادہ ترنوجوان کھلاڑی ہیں جو امید ہے اس سال بھی اچھا پرفارم کریں گے۔‘‘

رواں ہفتے شروع ہونے والی ’پاکستان سپر لیگ ‘کے دوسرے سیزن کی ٹرافی منظر عام پر آگئی ہے۔ پیر کو دبئی میں ٹرافی کی رونمائی کے لئے باقاعدہ ایک تقریب سجائی گئی جس میں پانچوں ٹیموں کے کپتان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے جبکہ تقریب سے پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی نے خطاب کیا۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ٹو کے لئے منفرد انداز کی ٹرافی بنوائی گئی ہے۔ اس بار تین اضافی ٹرافیاں رکھی گئی ہیں۔ یہ ٹرافیز بہترین بیٹسمین، بہترین بالراور بہترین وکٹ کیپر کو اس کی شاندار پرفارمنس پر دی جائیں گی۔

ٹرافیز ماضی کے نامور کریکٹرز حنیف محمد، فضل محمود اور امتیاز احمد کے نام سے منسوب کی گئی ہیں۔

تقریب رونمائی میں پانچوں ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی یعنی اسلام آباد یونائٹیڈ کے مصباح الحق ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفرا ز احمد، پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی ، کراچی کنگز کے کمار سنگا کارا اور لاہور قلندرز کے برینڈن میک کولم۔

کپتانوں نے باری باری اظہار خیال بھی کیا۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ’’ ٹیم میں زیادہ ترنوجوان کھلاڑی ہیں جو امید ہے اس سال بھی اچھا پرفارم کریں گے۔‘‘

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ’’پی ایس ایل ون جیتنے کی وجہ سے پر اعتماد ہیں۔‘‘

برینڈن میک کولم کا کہنا تھا کہ ’’انتہائی باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ نئی شروعات کر رہے ہیں لہذا نئےعزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔‘‘

کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگا کارا کا کہنا تھا کہ ’’نوجوان اورتجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ اچھے کوچز ہیں۔‘‘

ڈیرن سیمی نے بھی اس موقع پر نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ میدان میں اترنے کا اشارہ دیا۔

پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی نے ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کی کہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ باقی میچز عرب امارات کی ریاستوں دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG