پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن میں ملتان سلطان کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے بعد چوتھی ٹیم کا بھی فیصلہ ہو گیا ہے۔ پشاور زلمی کی ٹیم بہتر رن ریٹ پر سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے میں داخل نہ ہو سکی۔
اتوار کو کھیلے جانے والے پہلے مرحلے کے آخری دو میچوں میں سب سے پہلے لاہور قلندر نے ملتان سلطان کو واضح فرق سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ لاہور قلندر کی ٹیم اب تک کھیلے گئے پی ایس ایل کے کسی بھی سیزن میں دوسرے راؤنڈ میں پہنچی ہو۔
کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر بند دروازوں کے پیچھے ہونے والے میچ یعنی تماشائیوں کے بغیر خالی اسٹیڈیم میں ملتان سلطان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بیس اووروں میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چھیاسی رنز بنائے۔ کپتان شان مسعود 42، روی بھوپارا 33 اور خوش دل شاہ 29 گیندوں پر 70 رنز بنا کر نمایاں سکورر رہے۔ روہیل نذیر نے 24 رنز کی اننگ کھیلی۔ شاہین آفریدی نے 23 رنز دے کر دو اور ویزے نے 24 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندر نے ایک بڑے ہدف کا تعاقب بہت جارحانہ اور پراعتماد انداز میں کیا اور جب فخر زماں ستاون رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی سکور سو رنز ہو چکا تھا۔ ان کے بعد کرس لن نے نہایت جارحانہ بلے بازی کی اور 55 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 113 رنز جڑ دیے اور ناٹ آؤٹ رہے اور مین آف دا میچ رہے۔ اس فتح کے ساتھ قلندر نے پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر جگہ بناتے ہوئے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔ لیکن دفاعی چیمپئن دوسرے راؤنڈ میں داخل نہ ہو سکی۔ پشاور زلمی اور گلیڈی ایٹرز نے نو نو پوائنٹس کے ساتھ پہلا مرحلہ ختم کیا لیکن زلمی کو بہتر رن ریٹ پر سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیابی مل گئی۔ گلیڈی ایٹرز نے پانچویں اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے چھٹے نمبر پر ٹورنامنٹ ختم کیا ہے۔
گلیڈی ایٹرز نے 150 رنز کا ہدف 16.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔ شین واٹسن نے چونتیس گیندوں پر 66 اور خرم منظور نے 40 گیندوں پر 63 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے 150 رنز کا ہدف دیا۔ شرجیل خان بنا رنز بنائے اور نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ کپتان بابر اعظم نے 32 رنز کی اننگ کھیلی۔ ڈیل پورٹ 62 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ نسیم شاہ نے چار اوورز میں 17 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
اتوار کے میچوں کے بعد سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیموں کا بھی فیصلہ ہو گیا۔ 17 مارچ کو پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن والی ملتان سلطان کی ٹیم چوتھے نمبر کی ٹیم پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی جبکہ اسی دن دوسرے نمبر پر موجود کراچی کنگز کا مقابلہ تیسرے نمبر پر روایتی حریف لاہور قلندر سے ہو گا۔ قلندرز پہلی بار ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں پہنچے ہیں جبکہ گلیڈی ایٹرز پہلی مرتبہ ایونٹ کے پہلے مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل میں پلے آف راونڈ کو سیمی فائنلز میں تبدیل کر دیا گیا ہے تاکہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ایونٹ کو جلد مکمل کیا جا سکے۔ اور 24 مارچ کو ابتدائی پروگرام کے مطابق فائنل مقابلہ 18 مارچ کو ہو گا۔