رسائی کے لنکس

پی ایس ایل 4 کا فائنل کراچی میں ہو گا


کراچی میں پی ایس ایل تھری کی اختتامی تقریب کا ایک منظر۔ فائل فوٹو
کراچی میں پی ایس ایل تھری کی اختتامی تقریب کا ایک منظر۔ فائل فوٹو

صوبہ پنجاب کے صوبائی ہیڈ کوارٹر لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین احسان مانی کی زیر صدارت پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا ہوا جس میں پی ایس ایل فرنچائزز بھی شریک ہوئے۔

گورننگ کونسل کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے آخری آٹھ میچز پاکستان میں ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل فور کا ڈرافٹ آئندہ ماہ اکتوبر کے آخری ہفتے میں ہو گا۔ تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کی نیلامی اکتوبر کے آخری ہفتے میں ہو گی۔ ہر ٹیم کو تیسرے ایڈیشن کے دس دس کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ پاکستان سپر لیگ فور کا آغاز آئندہ برس چودہ فروری سنہ دو ہزار انیس کو متحدہ عرب امارات میں ہو گا اور اختتام سترہ مارچ سنہ دو ہزار انیس کو پاکستان میں ہو گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی سی بی کے چئیرمین احسان مانی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان ملک میں کرکٹ کے مزید فروغ اور کھیلوں کے میدان کو آباد دیکھنا چاہتے ہیں۔ احسان مانی نے پی ایس ایل فرنچائزز مالکان کو یقین دلایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ان کے ساتھ مل کر کام کریگا۔ چئیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل کے معاملات شفاف طریقے سے چلائینگے۔

اجلاس میں پی ایس ایل فور کا فائنل صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

پی ایس ایل فور کے نشریاتی حقوق کے لیے جائزہ کمیٹی آئندہ اجلاس میں فیصلہ کریگی۔ چوتھے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے آٹھ میچز پہلی مرتبہ پاکستان میں ہونگے۔ اس سے قبل پی ایس ایل تھری کے چار میچز پاکستان میں ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG