رسائی کے لنکس

آمدن سے زائد اثاثہ جات کا الزام: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف گرفتار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی سربراہ خواجہ آصف کو گرفتار کر لیا ہے۔

نیب نے خواجہ آصف کو اسلام آباد سے اس وقت گرفتار کیا جب وہ مریم نواز کی صدارت میں پارٹی اجلاس سے رخصت ہورہے تھے۔

سابق وفاقی وزیر پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ریفرنس میں تحقیقات جاری ہیں۔

مسلم لیگ ن کے پارلیمانی سربراہ کو ایسے وقت میں گرفتار کیا گیا ہے جب حزب اختلاف کا اتحاد حکومت مخالف تحریک چلائے ہوئے ہے اور مارچ میں ہونے والے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے پر مشاورت کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل خواجہ آصف کو پوچھ گچھ کے لیے نیب لاہور میں طلب کیا جا چکا ہے۔

اخبار ڈان کے مطابق نیب کے ایک ترجمان نے کہا کہ خواجہ آصف کو ان کے معلوم ذرائع سے زائد آمدن ہونے کے الزام کے سلسلے میں پکڑا گیا ہے۔

اسلام آباد میں نیب کا دفتر، فائل فوٹو
اسلام آباد میں نیب کا دفتر، فائل فوٹو

نیب کے ایک ترجمان نے خواجہ آصف کی حراست کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب کے ادارے نے اس سے پہلے خواجہ آصف کو تفتیش کے لیے طلب کیا تھا لیکن وہ مطلوبہ شواہد پیش نہ کر سکے۔

نیب لاہور کے ترجمان کے مطابق خواجہ آصف کے پاس 2004 سے 2008 تک مشرق وسطی کے ایک ملک میں کام کرنے کا اجازت نامہ یا اقامہ تھا اور خواجہ آصف کے مطابق انہوں نے ایک قانونی مشیر کی حیثیت سے کام کر کے 136 ملین روپے کمائے تھے۔

خواجہ آصف کی حراست پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ان کی گرفتاری کو اغوا قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں نواز شریف سے سیاسی وفاداری تبدیل نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

پارٹی رہنما کی گرفتاری کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ خواجہ آصف کو پیش کش کی گئی تھی کہ اگر وہ نواز شریف کے بیانیے کی مخالفت کرتے ہیں تو اس کے بدلے ان کے مقدمات تین ہفتوں میں ختم ہو جائیں گے۔

مریم نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ اس پیش کش کو رد کرنے کے چند روز بعد ہی خواجہ آصف کو بقول ان کے اغواء کے انداز میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مریم نواز سے جب سوال کیا گیا کہ خواجہ آصف سے یہ بات کس نے کہی تو انہوں نے کہا کہ وہ نام خواجہ آصف کی امانت ہیں اور وہ ابھی اس بارے میں نہیں بتانا چاہتی ہیں۔

اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد خواجہ آصف کی گرفتاری کی مذمت کی گئی۔ 29 دسمبر 2020
اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد خواجہ آصف کی گرفتاری کی مذمت کی گئی۔ 29 دسمبر 2020

مریم نواز نے کہا کہ اس صورت حال میں عدلیہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ قوم کو انصاف دینا عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رہنماؤں کی گرفتاری پر پی ڈی ایم کے اجلاس میں لائحہ عمل مرتب کریں گے جو صرف زبانی بیانات پر مبنی نہیں ہو گا۔

مریم نواز نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت کے اکثر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے استعفے پارٹی قیادت کو موصول ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت واقعہ ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ نیب کے بقول ان کے ہتھکنڈوں سے اپوزیشن تحریک کو مزید تقویت ملے گی.

خواجہ آصف کی گرفتاری کے حوالے سے حکومتی رہنماؤں کا کوئی فوری بیان ابھی سامنے نہیں آیا لیکن وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ وہ حزب اختلاف کے خلاف بد عنوانی کے الزامات کی تفتیش جاری رکھیں گے تاکہ ملک میں کرپشن کے خاتمے میں مدد مل سکے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے خواجہ آصف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی انتقام کی یہ روایت پاکستان کے استحکام کے خلاف ہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی مسلم لیگی رہنماء خواجہ آصف کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق مسلم لیگی رہنما کی گرفتاری کے بعد مولانا فضل الرحمن اور نواز شریف کے درمیان ٹیلی فون پر تبادلہ خیال بھی ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG