رسائی کے لنکس

لیڈی گاگا کے کتوں کی بازیابی کے لئے پانچ لاکھ ڈالرز کا انعام


لیڈی گاگا نے امریکی صدر جو بائیڈن کی تقریبِ حلف برداری پر بھی پرفارم کیا تھا۔
لیڈی گاگا نے امریکی صدر جو بائیڈن کی تقریبِ حلف برداری پر بھی پرفارم کیا تھا۔

معروف امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا نے اعلیٰ نسل کے اپنے دو پالتو کتوں کو تلاش کرنے میں مدد دینے والے شخص کو پانچ لاکھ ڈالرز بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

گلوکارہ اِن دنوں ایک فلم کے سلسلے میں روم میں موجود ہیں اور نامعلوم افراد نے لاس اینجلس میں اُن کے پالتو کتوں کو 'اغوا' کر لیا ہے۔

بدھ کو نامعلوم افراد گلوکارہ کے ملازم کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے کے بعد کتے ہمراہ لے گئے تھے جس کے بعد سے اب تک کتوں کا کچھ نہیں پتا۔

فرینچ بل ڈاگ کتوں کی مالیت ہزاروں ڈالرز تک ہوتی ہے۔ تاہم لیڈی گاگا اپنے پالتو کتوں کے اغوا پر فکر مند ہیں اور انہوں نے کتوں کی مارکیٹ قیمت سے زیادہ رقم اُنہیں تلاش کرنے والوں کو دینے کا اعلان کیا ہے۔

اس سلسلے میں انہوں نے کتوں کو بحفاظت واپس لانے میں مدد دینے والوں کے لیے ایک ای میل ایڈریس بھی جاری کیا ہے۔

گیارہ گریمی ایوارڈز سمیت کئی عالمی ایوارڈ اپنے نام کرنے والی لیڈی گاگا امریکہ کی صفِ اول کی گلوکارہ ہیں۔ گلوکاری کے ساتھ ساتھ وہ اداکاری بھی کرتی ہیں۔

لاس اینجلس پولیس کے مطابق کتوں کے اغوا کا واقعہ بدھ کی شب پیش آیا جب گلوکارہ کے ملازم اُن کے دو فرینچ بل ڈاگز کو سیر کروا رہے تھے اور اس دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ملازم کو زخمی کر دیا۔

پولیس کے مطابق لیڈی گاگا کے زخمی ملازم کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ کیا چور خاص طور پر لیڈی گاگا کے کتے چرانا چاہتے تھے یا یہ محض یہ ایک اتفاقیہ واردات تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اُنہیں بدھ کی شب نو بج کر چالیس منٹ پر فائرنگ کے واقعے کی کال موصول ہوئی۔ موقع پر پہنچنے پر انکشاف ہوا کہ ایک گاڑی پر نامعلوم افراد آئے اور گاڑی سے اُتر کر گن پوائنٹ پر کتوں کو اپنے ہمراہ لے جانے کی کوشش کی۔ اس دوران ایک شخص کی جانب سے مزاحمت کرنے پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جنوری میں بھی اس نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جب تین افراد گن پوائنٹ پر ایک خاتون کا کتا اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG