رسائی کے لنکس

شہزادہ چارلس کرونا وائرس میں مبتلا


برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ ان کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ان میں معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں لیکن ویسے ان کی طبیعت بہتر ہے۔ ان کی اہلیہ کامیلا پارکر کا بھی کرونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا لیکن وہ منفی آیا۔

ترجمان کے مطابق 71 سالہ شہزادہ چارلس ڈاکٹروں کی ہدایت پر عمل کررہے ہیں اور اہلیہ کے ساتھ سکاٹ لینڈ میں اپنے گھر میں خود ساختہ تنہائی میں وقت گزار رہے ہیں۔ ان کے ساتھ ان کا عملہ ہے جو ان کا خیال رکھ رہا ہے۔ وہ آئندہ دو ہفتوں تک اسی گھر میں قیام کریں گے۔

شہزادہ چارلس اتوار کو کامیلا پارکر کے ساتھ سکاٹ لینڈ پہنچے تھے۔ انھیں طبیعت کچھ خراب محسوس ہوئی جس کے بعد پیر کو ایبرڈین شائر کے سرکاری اسپتال میں ان کا ٹیسٹ کیا گیا۔ منگل کی شام نتیجہ آیا جس سے معلوم ہوا کہ وہ کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ اس کے بعد شہزادہ چارلس نے ملکہ اور دونوں بیٹوں سے فون پر گفتگو کی اور اس بارے میں بتایا۔

ترجمان نے کہا کہ یہ اندازہ لگانا ممکن نہیں کہ شہزادہ چارلس کو کس شخص سے وائرس منتقل ہوا کیونکہ حالیہ عرصے میں ان کی عوامی سطح کی بہت سی مصروفیات تھیں۔ وزیراعظم بورس جانسن کو شہزادے کے وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر دی جاچکی ہے اور انھوں نے جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

بکنگھم پیلس کے مطابق شہزادہ چارلس نے آخری بار 12 مارچ کو ملکہ الزبتھ سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر پرنس فلپ موجود نہیں تھے۔ ملکہ صحت مند ہیں اور انھیں کوئی خطرہ نہیں۔ وہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کررہی ہیں۔

ملکہ الزبتھ گزشتہ ہفتے اپنے شوہر کے ساتھ ونڈسر پیلس آئی تھیں۔ ملکہ کی عمر 93 اور پرنس فلپ کی 98 سال ہے جس کی وجہ سے ان کے لیے بہت زیادہ احتیاط کی جارہی ہے کہ وائرس ان سے دور رہے۔

برطانیہ میں کرونا وائرس کے 8 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 440 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حکومت تمام شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کرچکی ہے۔

XS
SM
MD
LG