رسائی کے لنکس

صدرِ پاکستان عارف علوی نے بھی ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنالیا


گزشتہ ایک سال کے دوران ٹِک ٹاک نہ صرف ڈاؤن لوڈ کے حوالے سے نمایاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم بن کر سامنے آیا ہے، بلکہ اس پلیٹ فارم پر اپنا اکاونٹ بنانے والوں میں دنیا کے صدور، وزرائے اعظم، حکومتی وزرا، سرکاری عہدے داروں اور بین الاقوامی تنظیموں کا بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ٹک ٹاک پر اکاونٹ بنانے والوں کی فہرست میں حالیہ اضافہ صدر پاکستان عارف علوی کا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے جمعے کے روز ٹک ٹاک جوائن کیا اور اپنے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے اس کی تصدیق کی ہے۔

صدر علوی نے یہ اعلان کرنے کے لئے ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی اور لکھا کہ ان کی جانب سے ایپ میں شامل ہونے کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں میں مثبت پیغامات کو عام کرنا ہے۔

پوسٹ کردہ تحریر میں انہوں نے کہا ہے کہ، "ہم پاکستان کے نوجوانوں کے لئے مثبت اور توانا جذبات پر مبنی پیغام عام کرنے کے لئے ٹک ٹاک کے صارفین تک متاثر کن ویڈیوز پہنچائیں گے۔"

تصدیق شدہ ٹِک ٹاک اکاؤنٹ کے حامل عالمی سربراہان کی فہرست میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکراں، اسرائیل کے سابق وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو، نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما، دبئی کے امیر، اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم اور السلواڈور کے نائب صدر بوکیل سر فہرست ہیں۔

ملائشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد اور ترکی کے سابق وزیر اعظم احمد داؤدولو بھی ٹک ٹاک پر موجود ہیں۔

یہی نہیں، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) بھی بہت مقبول اکاؤنٹ کے ساتھ ٹک ٹاک ایپ پر نظر آتا ہے۔ اس کے فالوورز 28 لاکھ سے زیادہ ہیں اور ان کی ویڈیوز پر لگ بھگ ایک کروڑ لائیکس موجود ہیں۔

'ٹیک کرنچ' ویب سائٹ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق پچھلے مہینے تک پاکستان میں ٹک ٹاک کے تقریباً تین کروڑ 30 لاکھ صارفین تھے۔

امریکہ میں مقیم مارکیٹ انٹلیجنس فرم، سینسر ٹاور کے مطابق، 2019ء میں ٹک ٹاک پاکستان میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والا سوشل میڈیا ایپ تھا۔

پاکستانی نوجوانوں میں وسیع پیمانے پر مقبول، چینی ملکیت کی اس ایپ کو پاکستانی حکام دو بار 'غیر مہذبانہ مواد' کی شکایت پر بند کر چکے ہیں۔ یاد رہے کہ اس ماہ کے شروع میں ہی سندھ ہائی کورٹ نے ٹک ٹاک کی ایپ معطل کر دی تھی اور بعد میں فیصلہ تبدیل کر کے اسے دوبارہ بحال کر دیا گیا۔

ٹک ٹاک پر صدر پاکستان کی پوسٹ کی گئی پہلی ویڈیو یہاں دیکھی جا سکتی ہے:

https://www.tiktok.com/@presofpakistan/video/6985415390465674522

XS
SM
MD
LG