رسائی کے لنکس

امریکی ٹک ٹاکر کی سمندروں کو صاف کرنے کی کوشش عالمی مہم بن گئی


دو جون کو لی گئی تصویر میں فرانس کے جنوب میں سمندر میں پلاسٹک کی مصنوعات کا انبار
دو جون کو لی گئی تصویر میں فرانس کے جنوب میں سمندر میں پلاسٹک کی مصنوعات کا انبار

یوں تو امریکی ٹک ٹاک صارف الیزبتھ شیر کو بچپن سے ہی سمندر سے جذباتی لگاؤ تھا اور سمندری پانی کو ساحلوں کے کچرے سے صاف کرنا بھی ان کے لیے ایک ایسا کام تھا، جس کے لئے انہیں کوئی محنت نہیں کرنی تھی، لیکن ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ان کی یہ عادت انہیں سمندروں کو صاف رکھنے کی عالمی مہم کے اہم ترین کرداروں کی صف میں لے جائے گی۔

الیزبتھ شیر جب نیویارک سے اسپین کے شہر بارسلونا گئیں تو انہوں نے وہاں ساحل سمندر پر بکھری پلاسٹک کی بوتلیں اور سگریٹ کے ٹکڑوں کو ہٹانے کے پیغام کے ساتھ ٹک ٹاک پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو پوسٹ کی۔

انہیں امید نہ تھی کہ ان کی ویڈیو کی اس قدر تشہیر ہو گی لیکن جب ان کے سمندروں کو صاف رکھنے کے پیغام والی ویڈیو وائرل ہوئی تو شیر سمندروں کو صاف کرنے کی مہم کا مشہور چہرہ بن گئیں۔

ان کی ایک ویڈیو کے نتیجے میں دس روز کے اندر دنیا بھر کے لوگوں نے کچرے کے آٹھ لاکھ ٹکڑوں کو عوامی مقامات سے ہٹا کر کئی جگہوں کو صاف کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کے "لز لیونگ بلو" نامی ٹک ٹاک اکاؤنٹ کے ذریعہ پیغام کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے یورپین پارلیمنٹ نے شیر کو آٹھ جون کو سمندروں کے عالمی دن تک پانیوں کو کچرے سے پاک کرنے کی مہم چلانے کے لیے منتخب کیا۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے شیر نے کہا کہ یورپی یونین کی مدد سے دنیا بھر میں بکھرے کچرے کو ٹھکانے لگانے کی کوشش کئی گنا پھیل گئی اور اب ان کے لیے اکیلے اس کو چلانا ممکن نہ رہا۔

ٹریش چیلنج نامی مہم کے تحت 28 مئی سے آٹھ جون تک 502,000 کچرے کے ٹکڑوں کو ہٹانے کا ہدف رکھا گیا لیکن اس مہم میں 794,207 کچرے کے ٹکڑے ہٹائے گئے۔

یہ مہم ایسے وقت میں چلائی گئی جب یورپین کمیشن نے پلاسٹک کی بوتلوں کے محض ایک بار کے استعمال پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ۔

یاد رہے کہ پلاسٹک کی بوتلوں کا صرف ایک بار استعمال سمندر کی تقریباً پچاس فیصد آلودگی کا باعث بنتا ہے ۔سمندری آلودگی کی دوسری بڑی وجہ مچھلیوں کے پکڑنے میں استعمال ہونے والا پلاسٹک ہے جو 27 فیصد آلودگی کا موجب ہے۔

رواں سال تین جولائی سے یورپ کے تمام 27 ممبر ملکوں میں پلیٹوں اور گلاسوں کو ایک بار استعمال ہونے والی پلاسٹک کی تہہ میں پیک کرنے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

تاہم اٹلی جیسے ممالک جو ان اشیا کو بڑی تعداد میں بناتے ہیں، نے اس اقدام کی مخالفت کی ہے۔

XS
SM
MD
LG