رسائی کے لنکس

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا


پاکستان پيپلز پارٹي نے صوبہٴ پنجاب سے قومی اسمبلی کی 97 میں سے 71 نشستوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ ٹکٹ حاصل کرنے والوں میں اکثر نئے چہرے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ نے سینٹرل پنجاب سے امیدواروں کی لسٹ ’بلاول ہاؤس، لاہور‘ سے جاری کرتے ہوئے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وہیں سے اپنے ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

فہرست کے مطابق، سابق وزير اعظم راجہ پرويز اشرف قومی اسمبلی کے حلقہ اين اے 58 سے امیدوار ہونگے، جبکہ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ اين اے 70 سے ميدان ميں اتريں گے؛ فيصل صالح حيات قومی اسمبلی کے حلقہ اين اے 114 اور تسنيم احمد قريشی اين اے 90 سے پاکستان پيپلزپارٹی کے اميدوار ہونگے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 124 سے چوہدری ظہیر کو میدان میں اتارا ہے، جبکہ این اے 125 سے حافظ زبیر کو ن لیگ کی مریم نواز کے مقابلے میں اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔

لاہور ہی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 126 سے اورنگ زیب برکی، این اے 127 سے عدنان گورسی کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 سے سید ظفر علی شاہ، این اے 129 سے افتخار شاہد، این اے 130 سے عدیل غلام محی الدین، این اے 131 سے عاصم محمود بھٹی امیدوار ہونگے۔

سابق وفاقی وزير ثمينہ خالد لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ اين اے 132 سے جبکہ این اے 133 سے چوہدری محمد اسلم گل، این اے 134 سے سہیل اعوان، این اے 135 سے امجد علی جٹ، این اے 136 سے رانا جمیل احمد کو پيپلز پارٹی نے 25 جولائی سنہ 2018ء کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے ٹکٹس جاری کیے ہیں۔

پیپلز پارٹی نے صوبہ پنجاب سے قومی اسبلی کے لیے اپنے اميدواروں کی پہلی فہرست جاري کي ہے، جبکہ صوبائی اسمبلی کے لیے 129 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے مطابق، بقیہ امیدواروں کی فہرست جلد جاری کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG