رسائی کے لنکس

پورٹ لینڈ میں مظاہرین میں تصادم، گولی لگنے سے ایک شخص ہلاک


پولیس کے مطابق ہفتے کی رات پولیس کے اہلکاروں نے فائرنگ کی آواز سنی جس کے بعد انہیں ایک شخص زخمی حالت میں ملا جس کے سینے میں گولی لگی تھی۔
پولیس کے مطابق ہفتے کی رات پولیس کے اہلکاروں نے فائرنگ کی آواز سنی جس کے بعد انہیں ایک شخص زخمی حالت میں ملا جس کے سینے میں گولی لگی تھی۔

امریکہ کی ریاست اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ میں مظاہرین کے درمیان تصادم میں گولی لگنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔

پورٹ لینڈ پولیس کے بیان کے مطابق ہفتے کی رات پولیس کے اہلکاروں نے فائرنگ کی آواز سنی جس کے بعد انہیں ایک شخص زخمی حالت میں ملا۔ جس کے سینے میں گولی لگی تھی۔

بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی موت موقع پر ہی ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ ریاست اوریگون کے سب سے بڑے شہر پورٹ لینڈ میں سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی پولیس کی تحویل میں ہلاکت کے بعد سے مظاہرے جاری ہیں۔

پولیس نے ہفتے کی رات کئی افراد کو گرفتار کیا اور رہائشیوں کو تلقین کی کہ وہ شہر کے مرکزی علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔

پورٹ لینڈ میں یہ صورتِ حال صدر ٹرمپ کے ری پبلکن نیشنل کنونشن میں کی گئی تقریر کے دو دنوں بعد پیدا ہوئی ہے۔ جس میں صدر ٹرمپ نے امن و امان کو اپنی انتخابی مہم کا محور قرار دیا تھا۔

صدر ٹرمپ کے حامی پورٹ لینڈ میں ریلی نکال رہے تھے۔ جب 'بلیک لائیوز میٹر' تحریک کے مظاہرین نے سڑکوں اور پلوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی۔

واقعے سے متعلق سامنے آنے والی ویڈیوز میں دونوں گروہوں کے درمیان تصادم دیکھا جا سکتا ہے۔

پورٹ لینڈ پولیس کا ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان تصادم کے واقعات دیکھے گئے اور اس سلسلے میں کچھ گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں۔

بلیک لائیوز میٹر تحریک کے مظاہرین عمومی طور پر پولیس اور وفاقی عمارتوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ مظاہرین کی جانب سے پولیس کا بجٹ کم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

اس سے قبل ہفتے کی صبح مظاہرین نے پولیس یونین کی عمارت کو آگ بھی لگائی تھی۔

پولیس کےجاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پورٹ لینڈ پولیس کی عمارت میں آگ لگانے کے لیے ایسا مواد بھی استعمال کیا گیا تھا جس سے آگ زیادہ پھیلتی ہے۔

XS
SM
MD
LG