رسائی کے لنکس

دفاعی اخراجات میں تین ارب ڈالر کا اضافہ کیا جائے گا: یوکرین


صدر پیٹرو پوروشنکو
صدر پیٹرو پوروشنکو

صدر پوروشنکو کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ علیحدگی پسندی کا خطرہ آنے والے دنوں میں بھی یوکرین کو درپیش رہے گا اس لیے ملک کو اپنے دفاع کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشنکو نے مشرقی علاقے میں روس نواز علیحدگی پسندوں کے خطرات کے پیش نظر آئندہ سال کے لیے دفاعی اخراجات میں تین ارب ڈالر تک اضافے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

اتوار کو ملک کے 23ویں یوم آزادی کے موقع پر دارالحکومت کیئف میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ علیحدگی پسندی کا خطرہ آنے والے دنوں میں بھی یوکرین کو درپیش رہے گا اس لیے ملک کو اپنے دفاع کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

اس موقع پر ایک خصوصی فوجی پریڈ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں لوگ "آزادی اسکوائر" پر موجود تھے۔

ادھر مغربی معائنہ کاروں کا کہنا ہے کہ جمعہ کو مشرقی یوکرین میں داخل ہونے والا روسی ٹرکوں کا قافلہ واپس چلا گیا ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی کا امکان ہے۔

ہفتہ کو جرمنی کی چانسلر انگیلا مرخیل امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کے لیے یوکرین پہنچی تھیں جہاں انھوں نے صدر پوروشنکو سے ملاقات بھی کی تھی۔

مرخیل نے مشرقی یوکرین میں کئی ماہ سے جاری لڑائی کی وجہ سے تباہ ہونے والے علاقوں کی بحالی کے لیے جرمنی کی طرف سے چھ کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ بھی کیا۔

روس نواز باغی اپریل سے یوکرین کے روسی بولنے والے علاقے میں مسلح کارروائیاں کرتے آرہے ہیں۔ سرکاری فورسز اور ان کے درمیان ہونے والی جھڑپوں اور پرتشدد واقعات میں اب تک مشرقی یوکرین میں تقریباً دو ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG