رسائی کے لنکس

پومپیو، کم ملاقات مذاکرات کے لیے 'بہت مثبت اشارہ'


سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو (فائل فوٹو)
سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو (فائل فوٹو)

تجزیہ کاروں نے سی آئی اے کے سربراہ مائیک پومپیو کی پیانگ یانگ کے خفیہ دورے کے دوران کم جونگ ان سے ہونے والی ملاقات کو "ایک بہت ہی مثبت اشارہ" قرار دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کی وجہ سے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے درمیان ملاقات کے امکان بڑھ جائیں گے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کہا کہ ان کی طرف سے وزیر خارجہ کے لیے نامزد پومپیو نے (رواں ماہ کے اوائل میں) ایسٹر کے ہفتے کے اختتام پر کم سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات ٹرمپ اور کم کے درمیان مئی یا جون کے اوائل میں ہونے والی ممکنہ ملاقات کی تیاری کے سلسلے میں ہوئی۔

سابق وزیر خارجہ میڈیلین البرائٹ اور کم جونگ اُن کے آنجہانی والد کم جونگ ال کے درمیان 2000ء میں ہونے والی ملاقات کے بعد کسی بھی اعلیٰ امریکی عہدیدار کی پیانگ یانگ کے لیڈر سے ہونے والی پہلی ملاقات ہے۔

اوباما انتظامیہ میں وائٹ ہاؤس کے آرمز کنٹرول اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے متعلق رابطہ کار گیری سامور نے کہا کہ پومپیو کی کم سے ملاقات اس بات کا اشارہ ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ سربراہی ملاقات کی تیاری کے لیے سرگرم ہے۔

شمالی کوریا کے ساتھ 1994ء کے جوہری سمجھوتے سے متعلق بات چیت میں سامور نے اہم کردار ادا کیا تھا اگرچہ اس سمجھوتہ پر پوری طرح عمل نہیں ہوا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ "میں یہ سمجھتا ہوں کہ پومپیو کا پیانگ یانگ کا خفیہ دورہ نہایت مثبت اشارہ ہے، یہ ضروری اور معقول اقدامات ہیں جو صدر ٹرمپ، کم جونگ اُن سے ہونے والی سربراہ ملاقات کی تیاری کے لیے کر رہے ہیں۔"

ایٹلانٹک کونسل سے وابستہ رابرٹ مینگ کا خیال ہے کہ یہ ملاقات کم کی طرف سے امریکہ کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے معاملے پر بات چیت کرنے کی رضامندی کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ "بہت کم غیر ملکی رہنماؤں سے ملاقات کرنے والے کم جونگ نے (پومپیو) سے ملاقات کی ہے، یہ شمالی کوریا کی سنجیدگی کی مظہر ہے۔"

کونسل آن فارن ریلیشنز میں کورین امور کے ایک سینیئر فیلو اسکاٹ سنائیڈر نے قیاس کیا کہ پومپیو نے اس لیے کم سے ملاقات کی ہے تاکہ وہ یہ جان سکیں کہ جوہری پروگرام کے خاتمے سے متعلق کیا کوئی سمجھوتہ ممکن ہے۔

اس بات کی تصدیق انہوں نے براہ راست طور پر کم سے چاہی کہ کیا وہ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے اقدام کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔

تجزیہ کاروں نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ "جوہری ہتھیاروں کے خاتمے" کی تعریف پر اتفاق کرنے کا عمل اس سربراہی ملاقات سے پہلے ایک بڑی رکاوٹ بن سکتا ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کہا کہ اگر یہ مذاکرات"بامعنی نہیں ہوں گے" تو وہ کم کے ساتھ ہونے والی ملاقات منسوخ کردیں گے یا پھر وہاں سے اٹھ کر چلے جائیں گے۔

جاپان کے وزیراعظم شنزو ایبے سے فلوریڈا میں ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ نے کہا "اگر میں یہ سمجھا کہ یہ ملاقات نتیجہ خیز نہیں ہوگی، تو میں احترام کے ساتھ اس سے علیحدہ ہو جاؤں گا۔"

XS
SM
MD
LG