رسائی کے لنکس

امریکی وزیرِ خارجہ کے شمالی کورین حکام سے مذاکرات


مائیک پومپیو کم یونگ چول سے ملاقات کے بعد اپنے مشیروں سے گفتگو کر رہے ہیں۔
مائیک پومپیو کم یونگ چول سے ملاقات کے بعد اپنے مشیروں سے گفتگو کر رہے ہیں۔

مائیک پومپیو نے ہفتے کو دن کے آغاز پر ایک محفوظ ٹیلی فون لائن کے ذریعے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کی اور انہیں جمعے کو ہونے والی ملاقاتوں پر اعتماد میں لیا۔

پیانگ یانگ میں موجود امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو مسلسل دوسرے روز بھی شمالی کورین حکام سے مذاکرات کیے جن کے ایجنڈے میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کا خاتمہ سرِ فہرست ہے۔

پومپیو جمعے کو علی الصباح دو روزہ دورے پر پیانگ یانگ پہنچے تھے جہاں انہوں نے دن بھر شمالی کوریا کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے ہفتے کو شمالی کوریا کی حکمران جماعت کے رہنما اور سابق انٹیلی جنس چیف کم یونگ چول سے اپنی طے شدہ ملاقات سے قبل دن کے آغاز پر ایک محفوظ ٹیلی فون لائن کے ذریعے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کی اور انہیں جمعے کو ہونے والی ملاقاتوں پر اعتماد میں لیا۔

بعد ازاں جب مائیک پومپیو کم یونگ چول سے ملاقات کے لیے پہنچے تو دونوں رہنماؤں نے صحافیوں کے سامنے گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔

اس موقع پرکم یونگ چول نے مائیک پومپیو سے سوال کیا کہ کیا رات انہیں اچھی نیند آئی؟ اس پر مائیک پومپیو نے اثبات میں جواب دیا۔

دونوں ملکوں کے وفود کے درمیان مذاکرات کا ایک منظر
دونوں ملکوں کے وفود کے درمیان مذاکرات کا ایک منظر

مائیک پومپیو کا اس سال شمالی کوریا کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ لیکن یہ پہلا موقع تھا جب انہوں نے پیانگ یانگ میں رات بسر کی۔ اس سے قبل اپنے دونوں دوروں کے دوران وہ شمالی کوریا میں محض چند گھنٹے رکے تھے۔

اس موقع پر صحافیوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے روشن مستقبل کے خواہاں ہیں۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ اپنے اس دورے کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کریں گے یا نہیں۔ گزشتہ دونوں دوروں کے دوران انہوں نے کم یونگ ان سے ملاقات کی تھی۔

پومپیو 12 جولائی کو سنگاپور میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان ہونے والی تاریخی سربراہی ملاقات کے بعد پیانگ یانگ کا دورہ کرنے والے پہلے اعلیٰ امریکی عہدیدار ہیں۔

اس سربراہی ملاقات کے دوران امریکہ اور شمالی کوریا نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

امریکی وزیرِ خارجہ کا قافلہ پیانگ یانگ کی ایک سرکاری عمارت میں داخل ہورہا ہے۔
امریکی وزیرِ خارجہ کا قافلہ پیانگ یانگ کی ایک سرکاری عمارت میں داخل ہورہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کم جونگ ان کی جانب سے اپنا جوہری پروگرام ختم کرنے کی یقین دہانی پر عمل درآمد کی نگرانی مائیک پومپیو کو سونپی ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوارٹ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کی کوششوں کی تصدیق سمیت دیگر "اہم معاملات" طے کرنے کے لیے دونوں ملکوں نے ورکنگ گروپس تشکیل دے دیے ہیں۔

ہفتے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ امریکی وزیرِ خارجہ شمالی کورین حکام کے ساتھ اپنے مذاکرات کے دوران تین اہداف کے حصول پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

ان کے بقول ان اہداف میں شمالی کوریا کی جوہری صلاحیت کا مکمل خاتمہ، سکیورٹی سے متعلق یقین دہانیوں کا حصول اور جنگِ کوریا کے دوران جان سے جانے والے امریکی فوجیوں کی باقیات کی واپسی شامل ہیں۔

ہیتھر نوارٹ نے دعویٰ کیا کہ مائیک پومپیو کی شمالی کورین حکام کے ساتھ جمعے کو ہونے والی ملاقاتوں میں ان اہداف پر پیش رفت ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG