رسائی کے لنکس

صدر آئین شکنی کرنا چاہتے ہیں تو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب نہ کریں: اسحاق ڈار

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر کہتے ہیں کہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہونے تک قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلایا جا سکتا۔ تاہم مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ صدر کا اسمبلی اجلاس نہ بلانا آئین شکنی ہے۔

20:28 27.2.2024

گوادر میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی صورتِ حال

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں طوفانی بارش کے سبب سیلابی صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے ترجمان اور سینیٹر کہدہ بابر کا کہنا ہے کہ بارش سے گوادر میں بہت تباہی ہوئی ہے۔

سینیٹر کہدہ بابرنے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ گوادر کو آفت زدہ قرار دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بارش کے سبب گھروں کی حالت خستہ ہے۔امید ہے وفاق اور صوبائی حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کارلاکر لوگوں کی مدد کریں گے۔

19:20 27.2.2024

خیبرپختونخوا میں عسکریت پسند پھر متحرک ہونے لگے

پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں عسکریت پسند قوتیں ایک بار پھر متحرک ہو رہی ہیں۔ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران پشاور اور مردان میں پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ایک افسر سمیت دو اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے افغانستان سے ملحقہ ضلع باجوڑ میں بھی نامعلوم عسکریت پسندوں نے فائرنگ کر کے دو قبائلی افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔

منگل کو مردان کے علاقے کاٹلنگ میں پولیس مقابلے کے دوران دہشت گردوں کے دستی بم حملے میں سپرنٹنڈنٹ پولیس اعجاز خان شیر پاؤ اور فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی اپنے دو گنر سمیت شدید زخمی ہو گئے۔

ضلعی پولیس افسر نجیب الرحمٰن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس جب کاٹلنک متہ کے مقام پر پہنچی تو دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

دوسری جانب پشاور کے تھانہ گلبہار کے علاقے اعجاز آباد میں پیر کی رات نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر کے ایک اہلکار کو ہلاک اور ایک کو زخمی کر دیا یے۔

خیبرپختونخوا کے نگران وزیرِ اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ راشد حسین اور انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات گنڈاپور نے پولیس اہلکاروں پر عسکریت پسندوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہس ہفتے خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کر کے دو اہلکاروں کو ہلاک کیا تھا جب کہ جوابی کارروائی میں دو عسکریت پسند بھی مارے گئے تھے۔

18:51 27.2.2024

نومنتخب وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

سندھ کے نو منتخب وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے تیسری مرتبہ وزارتِ اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا ہے۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس سندھ میں منعقد ہوئی۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔

اس موقع پر نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ مقبول باقر، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

17:00 27.2.2024

جے یو آئی (ف) کو وفاق اور بلوچستان کی حکومت میں شامل کرنا چاہتے ہیں: اسحاق ڈار

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس طرح وفاق میں وزیرِ اعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر دونوں جماعتوں کے ووٹوں سے آئیں گے یہ اتفاق رائے بلوچستان میں بھی نظر آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان عہدوں کے لیے امیدواروں کا فیصلہ آج شب تک متوقع ہے اور کل صبح تک تمام عہدوں کے لیے ناموں کا اعلان ہو جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم چاہیں گے جمعیت علمائے اسلام(ف) نہ صرف بلوچستان میں بلکہ وفاق میں بھی ہمارے ساتھ چلے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر ایک مرتبہ پھر آئین شکنی کرنا چاہتے ہیں تو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب نہ کریں۔ تاہم اس پر آئین کا آرٹیکل 91 بہت واضح ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس انتخابات کے 21 روز کے بعد لازمی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دلیل درست نہیں ہے کہ اگر بعض ارکان کے نوٹی فکیشن نہیں ہوئے ہیں تو اسمبلی کا اجلاس طلب نہیں کیا جائے گا۔ جتنے ارکان نوٹیفائی ہوچکے ہیں ان کا حلف آئین کی واضح ہدایات کے مطابق ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق 29 فروری کو صدر منظوری دے یا نہ دیں قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوسکتا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG