رسائی کے لنکس

قومی اسمبلی کے 302 ارکان کی حلف برداری، وزیرِ اعظم کا انتخاب تین مارچ کو ہو گا

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نو منتخب اراکینِ قومی اسمبلی سے رُکنیت کا حلف لیا۔ اس دوران تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں نے ایوان میں احتجاج بھی کیا اور عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

07:40 29.2.2024

پاکستان میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعات اور سیاسی سرگرمیوں سے متعلق پڑھنے کے لیے کلک کریں۔

07:49 29.2.2024

نگراں وزیرِاعظم کا لب و لہجہ قابلِ افسوس ہے، صدر عارف علوی

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو صبح 10 بجے بلانے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔

ایوانِ صدر سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی منظوری مخصوص نشستوں کے معاملے کے الیکشن کے 21 ویں دن تک حل کی توقع کے ساتھ دی ہے۔

صدر مملکت نے نگراں وزیرِاعظم کی جانب سے بھجوائی جانے والا سمری میں نگراں وزیر اعظم کے لہجے اور لگائے گئے الزامات پر تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔

صدر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ نگراں وزیرِ اعظم کا لب و لہجہ قابلِ افسوس ہے۔ صدر آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت ریاست کے سربراہ اور جمہوریہ کے اتحاد کی علامت ہے۔ بحیثیت صدر مملکت نگراں وزیرِ اعظم کے جواب پر تحفظات ہیں۔ صدر مملکت کو عام طور پر سمریوں میں ایسے مخاطب نہیں کیا جاتا۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ یہ ایک افسوس ناک امر ہے کہ ملک کے چیف ایگزیکٹو نے صدر مملکت کو پہلے صیغے میں مخاطب کیا۔ نگراں وزیرِاعظم نے سمری میں ناقابل قبول زبان اور بے بنیاد الزامات لگائے۔ صدر انتخابی عمل میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور حکومت قائم کرنے کے عمل سے غافل نہیں ہو سکتا۔

08:01 29.2.2024

قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کا ایجنڈا


قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے ایجنڈے میں قومی اسمبلی کے نو منتخب اراکین اسمبلی بطور رکن عہدے کا حلف لیں گے اس کے بعد نو منتخب اراکین رول آف ممبر پر دستخط کریں گے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع نے بتایا ہے کے قومی اسمبلی کے کل 336 اراکین میں سے 300 سو سے زائد اراکین نے اپنے کارڈ بنوا لیے ہیں اس لیے آج کے اجلاس میں 300 سو سے زائد اراکین کی جانب سے حلف لینے کا امکان ہے۔

اراکین کے حلف کے بعد آٹھ فروری کے انتخابات کے نتیجے میں 16 ویں قومی اسمبلی کا قیام عمل میں آ جائے گا اور پہلے اجلاس کے دن سے آئین کے تحت اسمبلی کی پانچ برس کی مدت شروع ہو جائے گی۔

08:14 29.2.2024

قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس، سنی اتحاد کونسل (پی ٹی آئی) کی حکمتِ عملی کیا ہو سکتی ہے؟

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہو گی۔ واضح رہے کہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد اُمیدواروں نے کامیابی کے بعد سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق پی ٹی آئی اراکین حلف لیں گے مگر انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج بھی ہو گا۔ اراکین عمران خان کے حق میں نعرے لگائیں گے جب کہ عمران خان کی تصاویر اجلاس میں لانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔

قومی اسمبلی کے آج ہونے والے پہلے اجلاس میں حلف کے بعد اسپیکر، ڈیٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کے لیے نامزدگی فارم جمع ہوں گے جب کہ جمعے کو انتخاب کا امکان ہے۔

قومی اسمبلی کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جس دن اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہو گا، اسی دن ہی وزیرِ اعظم کے عہدے کے لیے انتخاب کا شیڈول جاری ہو گا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG