نگراں وزیرِاعظم کا لب و لہجہ قابلِ افسوس ہے، صدر عارف علوی
- By ایم بی سومرو
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو صبح 10 بجے بلانے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔
ایوانِ صدر سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی منظوری مخصوص نشستوں کے معاملے کے الیکشن کے 21 ویں دن تک حل کی توقع کے ساتھ دی ہے۔
صدر مملکت نے نگراں وزیرِاعظم کی جانب سے بھجوائی جانے والا سمری میں نگراں وزیر اعظم کے لہجے اور لگائے گئے الزامات پر تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔
صدر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ نگراں وزیرِ اعظم کا لب و لہجہ قابلِ افسوس ہے۔ صدر آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت ریاست کے سربراہ اور جمہوریہ کے اتحاد کی علامت ہے۔ بحیثیت صدر مملکت نگراں وزیرِ اعظم کے جواب پر تحفظات ہیں۔ صدر مملکت کو عام طور پر سمریوں میں ایسے مخاطب نہیں کیا جاتا۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ یہ ایک افسوس ناک امر ہے کہ ملک کے چیف ایگزیکٹو نے صدر مملکت کو پہلے صیغے میں مخاطب کیا۔ نگراں وزیرِاعظم نے سمری میں ناقابل قبول زبان اور بے بنیاد الزامات لگائے۔ صدر انتخابی عمل میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور حکومت قائم کرنے کے عمل سے غافل نہیں ہو سکتا۔