رسائی کے لنکس

قومی اسمبلی کے 302 ارکان کی حلف برداری، وزیرِ اعظم کا انتخاب تین مارچ کو ہو گا

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نو منتخب اراکینِ قومی اسمبلی سے رُکنیت کا حلف لیا۔ اس دوران تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں نے ایوان میں احتجاج بھی کیا اور عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

19:58 29.2.2024

گوادر میں شدید بارشوں کے سبب آفت زدہ صورتِ حال، پرچے ملتوی 

گوادر میں گزشتہ کئی روز سے طوفانی بارشوں کے سبب آفت زدہ صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے جب کہ میٹرک کے سالانہ پرچے بھی منسوخ کر دیے ہیں۔

نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ متاثرین کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں سول انتظامیہ اور فوج مل کر ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہے۔

17:56 29.2.2024

قومی اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب جمعے کو ہو گا

پاکستان کی قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے دوران 302 ارکانِ نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھا لیا ہے جب کہ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل عمل میں لایا جائے گا۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے مسلم لیگ ن کی جانب سے نامزد کردہ امیدوار سردار ایاز صادق اور سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار ملک محمد عامر ڈوگر کے کاغذات نامزدگی سیکریٹری قومی اسمبلی کو جمع کرائے گئے ہیں۔

سردار ایاز صادق کے تجویز کنندان میں چوہدری سالک حسین، عبدالعلیم خان، سید نوید قمر اور اویس احمد لغاری شامل ہیں جب کہ ملک عامر ڈوگر کے تجویز کنندان میں صاحبزادہ صبغت اللہ، علی محمد اور ڈاکٹر امجد علی خان شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے لیے سید غلام مصطفی شاہ اور جنید اکبر کے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں۔

17:07 29.2.2024

وزیرِ اعظم کا انتخاب تین مارچ کو ہوگا، شیڈول جاری

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے وزیرِ اعطم کے انتخاب کے لیے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق وزیرِ اعظم کے انتخاب کا عمل تین مارچ بروز اتوار کو ہو گا۔

قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی ہفتے کی دوپہر دو بجے تک قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ کے شعبہ قانون سے وصول کیے جا سکتے ہیں۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اتوار دن 11 بجے شروع ہو گا۔

14:57 29.2.2024

قومی اسمبلی کا اجلاس جمعے تک ملتوی

قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے ایوان کی کارروائی جمعے کی صبح 10 بجے تک ملتوی کرنے کر دی ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی کے دوران نو منتخب اراکین نے اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ اس دوران تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں نے ایوان میں احتجاج بھی کیا اور عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

آزاد امیدوار سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم سے اسمبلی کا حصہ ہیں ۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG