قومی اسمبلی کا ایوان مکمل نہیں، اجلاس مؤخر کیا جائے: بیرسٹر گوہر علی خان
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا ایوان ابھی مکمل نہیں ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی الیکشن کمیشن کے خلاف رولنگ دیں۔
قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف لینے کے بعد ایوان میں خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ قومی اسمبلی میں 60 خواتین اور 10 اقلیتوں کی نشستیں ہیں۔ تحریکِ انصاف کے حامی آزاد امیدواروں کے لیے اقلیتوں کی تین اور خواتین کی 20 نشستیں مخصوص ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت قومی اسمبلی کا ایوان نامکمل ہے۔ تحریکِ انصاف کے حامی 23 امیدواروں کے ایوان میں موجود ہونے کی ضرورت ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اس وقت تک مؤخر کیا جائے جب تک آزاد ارکان ایوان میں نہ آ جائیں۔
بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا کہ عوامی مینڈیٹ کے مطابق تحریکِ انصاف کے حامی کامیاب امیدواروں کی تعداد 186 ہے۔اسپیکر سے درخواست ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے خلاف بھی رولنگ جاری کریں۔
مولانا فضل الرحمٰن کا اپوزیش میں بیٹھنے کا اعلان
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ان کی جماعت قومی اسمبلی میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیر اعظم کےانتخاب کا بائیکاٹ کرے گی۔
نومنتخب ارکان کے حلف کے لیے بلائے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد مولانا فضل الرحمن نے میڈٰیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کا وفد ملاقات کے لیے آیا تھا جن سے اچھی گفتگو رہی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں سے ذاتی تعلق اور بے تکلفی ہے لیکن ہماری پالیسی ہے کہ ہم ووٹ نہیں دیں گے اور اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔
امولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ جے یو آئی پارلیمنٹ کی اگلی کسی کارروائی میں حصہ نہیں لے گی۔جس پارلمنٹ کا نتیجہ عوام کے ہاتھ میں نہ ہو، بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ میں ہو، ہمارا کوئی حق نہیں کہ ہم اس پارلیمنٹ کا حصہ ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس پارلیمنٹ کو عوام کا نمائندہ کم اور اسٹیبلشمنٹ کا نمائندہ زیادہ مانتے ہیں۔
خیبر پختوںخوا : سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ امیدوار بھاری اکثریت سے اسپیکر منتخب
سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ امیدوار بابر سلیم سواتی خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔
اسپیکر کے لیے سلیم سواتی اور پیپلز پارٹی کے امیدوار احسان اللہ نیازی مدمقابل تھے۔ خفیہ رائے دہی کے ذریعے ہونے والے انتخاب میں بابر سیلم سواتی نے 89 ووٹ جب کہ احسان اللہ خان نے 17 ووٹ حاصل کیے۔
سبک دوش ہونے والے اسپیکر مشتاق احمد غنی نے بابر سلیم سواتی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نعرے بازی، شورشرابہ