رسائی کے لنکس

بعض عناصر الیکشن میں مداخلت کے الزامات لگا کر فوج کو بدنام کر رہے ہیں: کور کمانڈرز کانفرنس

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق مسلح افواج نے دیے گئے مینڈیٹ کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد کے لیے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا اور افواجِ پاکستان کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

10:10 5.3.2024

محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر مبینہ چھاپہ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا ہڑتال کا اعلان

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر چھاپے کے خلاف ان کی جماعت نے آج بلوچستان میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

محمود خان اچکزئی کے گھر پر گزشتہ روز مبینہ طور پر چھاپہ مارا تھا جب کہ صوبائی حکومت کا مؤقف تھا کہ انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کی ہے۔

صدارتی انتخابات کے لیے محمود اچکزئی کو امیدوار نامزد کرنے والی تحریک انصاف نے بھی چھاپے کی مذمت کی ہے۔

10:47 5.3.2024

اسلام آباد ہائی کورٹ: ایکس کی بندش پر پی ٹی اے کو نوٹس جاری

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی پاکستان میں بندش کے خلاف دائر درخواست پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وزارتِ اطلاعات کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

’ایکس‘ کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر منگل کو سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا ایکس بند ہے؟

جس پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایکس 17 فروری سے بند ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے پوچھا کہ سندھ ہائی کورٹ میں بھی یہ معاملہ تھا اس پر کیا ہوا؟

جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ میں منگل کو ہی توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہونی ہے

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئندہ ہفتے کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

10:57 5.3.2024

محسن نقوی کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی، درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے محسن نقوی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) تعیناتی کے خلاف دائر درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔

قبل ازیں دورانِ سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ یہ کیوں کہا جا رہا ہے کہ تعیناتی غلط ہوئی ہے؟

جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ آئین کے مطابق منتخب اور نگراں وزیرِ اعظم میں فرق ہے۔ نگراں وزیرِ اعظم پی سی بی کا پیٹرن ان چیف نہیں ہو سکتا۔ چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی کا اختیار بطور پیٹرن ان چیف وزیرِ اعظم کے پاس ہے۔

11:12 5.3.2024

الیکشن کمیشن کا فارم 45 اور 47 اپ لوڈ نہ کرنے کا معاملہ، کیس کی سماعت کل تک ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے خلاف فارم 45 اور 47 ویب سائٹ پر اپلوڈ نہ کرنے کے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے منگل کو مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی درخواست پر سماعت کی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کی درخواست پر اعتراضات ختم کرتے ہوئے کل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی۔

ایم ڈبلیو ایم کے وکیل کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق الیکشن کے بعد 14 دن کے اندر ویب سائٹ پر فارم اپ لوڈ کرنے ہوتے ہیں۔

ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG